آزادکشمیر، تحریک انصاف کی حکومت نے انقلابی بجٹ پیش کیا، ریاستی مشینری عوام کی خدمت میں کوئی کسرنہ چھوڑے، وزیراعظم سردار تنویر الیاس

اسلام آباد(پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہاہے کہ آزادکشمیرمیں تحریک انصاف کی حکومت نے انقلابی بجٹ پیش کیا۔اب ریاستی مشینری کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی خدمت میں کوئی کسرنہ چھوڑے، آزادکشمیر کو ماڈل ریاست بنانے کے لیے تحریک انصاف کی حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق آگے بڑھے گی، سیاحت کو صنعت کا درجہ دے کر عوام کو مالی طورپرخودکفیل بنائیں گے۔

عوام نے ہمیں خدمت کے لئے مینڈیٹ دیاہے مایوس نہیں کریں گے، انتخابات کے دوران کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے میڈیاسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ کپتان عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر حکومت اپنی ترجیحات کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے۔حکومتی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، بہت جلد لوگ حقیقی تبدیلی محسوس کریں گے۔ماضی کی حکومتوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے اقرباء پروری کوفروغ دیا جس کی وجہ سے عام آدمی زندگی میں کوئی بہتری نہ آسکی،ہم عام آدمی کو اوپراٹھانے کے لئے ایک منصوبے کے تحت کام کررہے ہیں اور انشااللہ اس میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لئے پہلی مرتبہ ڈیجیٹل میپنگ متعارف کروائی جا رہی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کو کامیاب اور موثر بنانے کے لیے آزادکشمیر کے محکمہ پولیس میں Counter Terrorism Department کا قیام عمل میں لایا جس کے لیے مطلوبہ آسامیاں مہیا کرنے کے علاوہ اس شعبہ کی دیگر ضروریات کے لیے خطیر رقم مہیا کی گئی۔صحت عامہ کی سہولیات کی عوام کو انکی دہلیز پر فراہمی، ادویات وساز وسامان کی خریدکے لیے فنڈز میں اضافہ کیا گیا ہے۔ مختلف ہسپتالوں و صحت عامہ کے دیگر طبعی مراکز کے لیے آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں۔

دوران انتخابات عوام سے وعدہ کیا گیا تھا کہ علاج معالجہ کی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کی جائیں گی جس کے لیے پہلے مرحلہ میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سماہنی ضلع بھمبر اور منگ ضلع سدھنوتی کو اپ گریڈ کرتے ہوئے تحصیل ہیڈ کوارٹرکا درجہ دیا گیا اوران مراکز کے لیے مطلوبہ سٹاف اور دیگر وسائل بھی فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال عباسپور کو مزید سٹاف بھی مہیا کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ گرین پاکستان عمران خان، چیئرمین تحریک انصاف کا خواب اور مشن ہے تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کے ترقیاتی پروگرام کے تحت آزادکشمیر میں بھی Ten Billion Tree Sunami Progrmme کے تحت محکمہ جنگلات اس پروگرام کو کامیابی سے مکمل کر رہا ہے۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پریس فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، صحافت ریاست کاچوتھاستون ہے جسے نظراندازنہیں کیاجاسکتا، پریس فانڈیشن کیلئے مجموعی طور پر7کروڑ روپے کی رقم رکھی گئی ہے جس میں 2 کروڑ وفات پا جانے والے صحافیوں کے ورثا اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے قائدچیئرمین تحریک انصاف عمران خان ہی ہیں جنہوں نے ہرفورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا اور مظلوم کشمیریوں کو کہا کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے میں پوری دنیا میں آپکا سفیربن کر آپ کا مقدمہ لڑوں گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close