غیر مسلم اسرائیلی صحافی کی مکہ مکرمہ میں داخلے میں مدد کرنیوالا شخص گرفتار، کس ملک کا شہری نکلا؟

مکہ مکرمہ (پی این آئی) سعودی عرب کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کے غیر مسلم صحافی کی مبینہ طور پر مکہ میں داخلے میں مدد کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے، گرفتار شخص کا تعلق سعودی عرب سے ہے۔الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کے چینل 13 سے تعلق رکھنے والے صحافی گل تماری نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں اسے مسلمانوں کے سب سے مقدس شہر مکہ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

 

مکہ اور مدینہ میں غیر مسلم شہریوں کے داخلے پر پابندی ہے لیکن اس کے باوجود اسرائیل کے یہودی شہری کے مکہ میں داخلے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید ردِ عمل سامنے آیا تھا۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ایک غیر مسلم صحافی کو مکہ تک پہنچانے اور مقدس شہر میں داخلے میں مدد کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایس پی اے نے تماری کا نام نہیں لیا تاہم اتنا کہا ہے کہ وہ امریکی شہری ہے جو امریکی پاسپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے سعودی عرب پہنچا۔تماری نے اپنی 10 منٹ طویل ویڈیو میں دکھایا کہ وہ عرفات کی پہاڑی پر موجود ہے جہاں حجاج کرام حج کے رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کیلئے موجود تھے۔ ” مجھے پتا ہے کہ جو میں کر رہا ہوں وہ غیر قانونی ہے لیکن میں لوگوں کو وہ جگہ دکھانا چاہتا ہوں جو ہمارے مسلمان بہن بھائیوں کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔” تماری میدان عرفان سے اس وقت نکل گیا جب مذہبی پولیس نے اس کے مسلمان ہونے پر شکوک کا اظہار کیا اور اس سے پوچھ گچھ کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں