پرویز الٰہی میرا امیدوار تھا، ہے، رہے گا لیکن پی ٹی آئی کا امیدوار نہیں ہوسکتا،چوہدری شجاعت حسین کا بڑا اعلان

اسلام آبا د(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ق )کے رہنما چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی میرا وزیراعلیٰ کا امیدوار تھا اور آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا ، پی ٹی آئی کا امیدوار نہیں ہوسکتا۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان انہوںنے کہاکہ اداروں کے ساتھ تیس سال سے ایک تعلق رہا ہے، کیسے اداروں پر تنقید کرنے والوں کی حمایت کر سکتا ہوں،ادارے ہیں تو پاکستان میں استحکام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت جس نہج پر پہنچ چکا ہے

اس میں تمام لیڈران اپنے ذاتی مفادات اور ذاتی سوچ کو بالائے طاق رکھیں تاکہ ملک مزید بحرانوں کا شکار نہ ہو جائے ورنہ عوام اور ادارے اور ملک مزید نظریوں میں تقسیم ہوگا اور ملک مفاد پرستوں کے ہتھے چڑھ جائے گا۔ ایک ٹویٹ میں انھوں نے پرویز الہی سے ذاتی اختلاف کی باتوں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفت کو ذاتی مخالفت بنا کر غلط معنی نکالنے کی کوشش نہ کریں اور سب کچھ بھول کر صرف اور صرف ملکی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے

محاذ آرائی والی سیاست کو ترک کردیں۔انھوں نے سیاستدانوں سے ذاتی مفادات سے ہٹ کر ملک کی سلامتی کے لیے مفاہمت کی سیات کرنے کو کہا۔چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ جس کو بھی اقتدار میں آنے کا موقع ملے وہ سیاسی مخالفین کے پاس جائے۔ اور ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے لیے مل بیٹھ کر مشاورت سے آگے بڑھا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں