اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ عمران خان ہماری عزت نہیں کرتے تھے اس لیے انہیں چھوڑا ، انہوں نے عمران خان کے خلاف ووٹ نہیں ڈالا اور وہ اب بھی پی ٹی آئی کا حصہ ہیں، اگر عمران خان اسمبلی میں آجاتے ہیں تو وہ اپوزیشن لیڈر کی کرسی چھوڑ دیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ عمران خان کے اتحادی ساتھ چھوڑ گئے، اگر وہ اسمبلی میں آجائیں تو استعفیٰ دینے کو تیار ہوں۔ عمران خان کی جماعت بڑی ہے، یہ اسمبلی میں آئیں اور اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے ملک میں جاری معاشی بحران کی تمام تر ذمہ داری عمران خان پر ڈال دی اور کہا کہ سب سیاست دانوں کو ساتھ بیٹھ کر ملکی مفاد میں فیصلہ کرنا چاہیے، اگر عمران خان سیاست دانوں کے ساتھ نہیں بیٹھتے تو سمجھوں گا وہ ملک سے سنجیدہ نہیں ہیں۔راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں نہ تو وہ خود پی ٹی آئی کا ٹکٹ لیں گے اور نہ ہی پی ٹی آئی انہیں ٹکٹ دے گی، وہ الیکشن کا وقت آنے پر فیصلہ کریں گے کہ کسی پارٹی کا ٹکٹ لینا ہے یا آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں