پنجاب میں ضمنی الیکشن، تحریک انصاف کا ووٹ بینک کتنا بڑھ گیا؟ مخالف سیاسی جماعتوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

لاہور (پی این آئی) پنجاب ضمنی الیکشن کے دوران تحریک انصاف کے ووٹ بینک میں 50 فیصد سے زائد کا اضافہ، صوبے کے 20 حلقوں میں پی ٹی آئی نے 2018 کے عام انتخابات کے مقابلے میں 17 جولائی کو لاکھوں زائد ووٹ حاصل کیے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے معروف اینکر کامران شاہد کی جانب سے بتایا گیا کہ 17 جولائی کے پنجاب ضمنی الیکشن کے دوران تحریک انصاف کے ووٹ بینک میں واضح اضافہ ہوا۔

 

ضمنی الیکشن والی 20 صوبائی اسمبلی نشستوں پر تحریک انصاف نے 2018 کے عام انتخابات میں 6 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے، جبکہ حالیہ ضمنی الیکشن کے دوران ان نشستوں پر پی ٹی آئی 10 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ تحریک انصاف نشستوں کی تعداد کے معاملے میں بھی بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہی۔2018 میں تحریک انصاف میں ضمنی الیکشن والی 20 نشستوں میں سے 9 پر فتح حاصل ہوئی تھی، جبکہ باقی 11 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے تھے، جبکہ اب 17 جولائی کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی جیتی ہوئی نشستوں کی تعداد 9 سے بڑھ کر 15 ہو گئی۔واضح رہے کہ صوبہ پنجاب میں 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں 15 نشستیں جیت کر پاکستان تحریک انصاف دوبارہ پنجاب پر حکمرانی کی پوزیشن میں آگئی۔

 

ضمنی الیکشن میں 15 نشستوں پر کامیابی کے بعد صوبائی اسمبلی میں تحریک انصاف کے پاس 178 سیٹیں آچکی ہیں جب کہ ان کے اتحادی ق لیگ کے 10 ایم پی ایز کو ملا کر یہ تعداد 188 ہوجاتی ہے یوں پی ٹی آئی نے حکومت بنانے کے لیے درکار 186 نشستوں کا نمبر بھی حاصل کرلیا۔جب کہ مسلم لیگ ن کو ضمنی الیکشن میں 4 حلقوں میں کامیابی حاصل ہوئی جس کے ساتھ ان کے اراکین صوبائی اسمبلی کی تعداد 167 ہوگئی ، جس کو حکومتی اتحاد میں شامل پیپلزپارٹی کے 7 ایم پی ایز کی حمایت بھی حاصل ہے اس کے علاوہ 4 آزاد اراکین اور ایک راہ حق پارٹی کے رکن کو ساتھ ملا کر ان کے پاس 179 اراکین کی حمایت ہے جو کہ حکومت سازی کے لیے کافی نہیں۔ خیال رہے کہ پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے 15 ، مسلم لیگ ن کے 4 اور ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی ، پاکستان تحریک انصاف جھنگ کی دو، لاہور کی تین اور ملتان، راولپنڈی، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، خوشاب، بھکر، شیخوپورہ، فیصل آباد، لودھراں سے ایک ایک نشست پر کامیاب ہوگئی جب کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ضمنی انتخابات میں 4 نشستوں پر کامیاب ہوسکی جن میں لاہور (168)، مظفر گڑھ (273)، بہاولنگر اور راولپنڈی پی پی 7 کی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوسکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close