جنرل الیکشن کی تیاریاں، عمران خان نے ضمنی انتخابات جیتتے ہی کیا ہدایات دیدیں؟ بڑی خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی)سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے آئندہ الیکشن کی تیاری کرنے کی ہدایت کردی ہے،فیصلہ ہو ا ہے کہ 22 جولائی کو پنجاب میں حکومت بنائیں گے۔ شیخ رشید نے پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف آئندہ الیکشن کی تیاری کرے گی۔پرویز الہی وزیر اعلی پنجاب کے امیدوار ہوں گے۔

 

ادھر پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا،کور کمیٹی کے اجلاس میں ضمنی الیکشن کے نتائج اور مستقبل کی حکمت عملی پر غورکیاگیا، ضمنی الیکشن میں سرکاری مشینری کے استعمال اور دھاندلی کے واقعات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان، اسد عمر،فواد چوہدری، شیریں مزاری اور حماد اظہر سمیت دیگر سنیئر رہنما شریک ہوئے۔اس سے قبل چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی لیڈرشپ کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے ضمنی الیکشن کے نتائج اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔ عمران خان نے الیکشن میں کامیابی کی بڑی وجہ ٹیم ورک کو قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم نے الیکشن میں بھرپور محنت کی، پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ نوجوانوں نے دھاندلی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا،عوام نے پہلےکی طرح اب بھی ان چوروں کو مسترد کر دیا۔

 

سازش کا جواب عوام نے اپنے ووٹوں سے دیا۔ قبل ازیں عمران خان نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد سوشل میڈیا پر فیض احمد فیض کی نظم شیئر کی ہے۔ پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں 20 نشستوں کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 15 اور مسلم لیگ (ن) نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جب کہ ایک نشست آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں