اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادکشمیر سردا ر تنویر الیاس خان کی اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد، مرکزی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر، سینئر نائب صدر شیریں مزاری، سینئر رہنماء پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ خان نیازی، مرکزی رہنماء افتخار درانی اور چیئر مین الیکشن سیل ریاض فتیانہ سے ملاقات۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ جمہوری روایات تحریروں اور بیانات تک ہی نہیں رہنی چاہیں بلکہ ان کا عملاً اظہا بھی ہونا چاہیے،یہاں مغربی جمہوریت کی بات تو کی جاتی ہے لیکن اس کے خواص پر غور نہیں کیا جاتا،مغربی جمہوریت میں نا تو شخصیت پرستی ہے اور نا ہی اس میں جبر کی کوئی مثال ملتی ہے،لوگوں کو برابر مواقع مہیا کرنا اصل جمہوریت ہے۔ جمہوریت میں حکومت کی بنیاد ی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ بلا تخصیص پارٹی تمام ووٹرز کو ان کا حق استعمال کرنے کا موقع مہیاکرے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے مزیدکہا کہ پاکستان میں پی ٹی آئی کے ساتھ گزشتہ ایک ہفتے سے عجیب آنکھ مچولی کی جارہی ہے،ہمارے ایک وزیر چوہدری مقبول گجر جو گجرانوالہ کے رہائشی ہیں، ان کے خلاف چھاپے مارے گئے، علی امین گنڈا پوراور ذوالفی بخاری کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک ہو رہا ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ہمیں برداشت اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ووٹر کو اس کی رائے کا حق دینا چاہیے۔ سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ میں ارباب اختیار سے کہتا ہوں کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے جمہوری روایات پر عمل کریں۔پاکستان دنیا کے اندر رائے رکھنے والا ملک ہے،24 کروڑ آبادی والے ملک کو ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے بے توقیر نہ کریں۔
پاکستان کلمہ کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے۔ کشمیر ی بھی پاکستان کو اپنی امید سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمراں خان سپورٹس مین ہیں ہمیشہ سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں،دنیا کے میدانوں میں ٹیم لے کر اترتے رہے ہیں اور انتہائی مضبوط اعصاب کے مالک ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔تحریک انصاف کے نوجوان بغیر کسی لالچ کے اپنے محبوب قائد عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔عمران خان کے دور حکومت میں ملک ترقی کی راہ پہ گامزن تھا۔اس حکومت کے آتے ہی ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے،یہ دن پاکستانی سیاست میں اہم دن ہے۔عوام اپنے ووٹوں کی طاقت سے اس گیارہ جماعتی مسلط ٹولے کو شکست دیں گے،وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہماری خواتین بھی اس حقیقی آزادی کی جدوجہد میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔پوری قوم کو اپنی خواتین پہ فخر ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ سچ کی جیت ہو گی،انصاف کی جیت ہو گی،تحریک انصاف کی جیت ہو گی۔ تحریک انصاف اصول اور نظریے کی بنیاد پر ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے پہلے حکومت کی قربانی دی اور اب عوام کے اندر شعور پیدا کرنے کیلئے ریاست گیر تحریک شروع کررکھی ہے جس کا نتیجہ ہے کہ پورا ملک جاگ اٹھا ہے، عوام اپنے حقوق سے آگاہ ہورہے ہیں اور انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی کامیابی سے واضح ہوجائے گا کہ عمران خان کا حقیقی آزادی کا نعرہ حقیقت پر مبنی ہے جسے پاکستان کے عوام کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہے۔دریں اثناوزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے پنجاب کے 20انتخابی حلقوں میں ضمنی انتخاب کے موقع پر پی پی 217کے مرکزی الیکشن مہم سیل کابھی دورہ کیا۔ سابق پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون محترمہ ملیکہ بخاری، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف توصیف عباسی،یوتھ ونگ صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر راجہ سبیل ریاض کی قیادت میں آئی ایس ایف،یوتھ ونگ اور خواتین نے وزیر اعظم کا شاندار استقبال کیا۔وزیراعظم نے سابق پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون محترمہ ملیکہ بخاری کی پارٹی کے لیے خدمات کو بھی سراہا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں