مریم نواز نے پی ٹی آئی کے جوانوں کو مخاطب کر کے اہم پیغام دیدیا

ملتان(پی این آئی) ملتان جلسے میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے تحریک انصاف سے وابستہ نوجوان طبقے کو محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دے دیا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ ”میں یہاں پاکستان، ملتان اور تحریک انصاف کی یوتھ کے لیے محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام لے کر آئی ہوں۔

 

تاہم میرے اس امن کے پیغام کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اگر کوئی شخص ملک کے خلاف جانے کی کوشش کرے گا تو میں بہت سخت ردعمل دے سکتی ہوں۔“حلقہ پی پی 217 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ہونے والی اس پبلک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ”مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے مجھے یقین دلایا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں کے تناسب سے آئندہ دو ہفتوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید کم کی جائیں گی۔ میں پاکستانی قوم کو یقین دلاتی ہوں کہ ہماری پارٹی کی حکومت عوام کو جلد ریلیف دے گی۔ “اس موقع پر مریم نواز نے صوبہ جنوبی پنجاب کا معاملہ بھی اٹھایا اور عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا وعدہ پورا نہیں کیا۔

 

اپنی قید کے دنوں کے متعلق بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ”مجھے کوٹ لکھپت جیل میں موت کی کال کوٹھڑی میں قید کیا گیا۔ وہاں مجھے قرآن کریم رکھنے کے لیے بھی میز نہیں دی گئی تھی۔ میرے پاس اپنی اس کال کوٹھڑی میں بنائی گئی اپنی تصاویر ہیں، جو میں سابق حکمران عمران خان کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے منظرعام پر لا سکتی ہوں۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close