پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرتے ہی وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اور خوشخبری سنا دی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی ٹیم کی شبانہ روز کاوشوں کے بعد آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوگیا ہے، خدا کرے ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ یہ آخری معاہدہ ہو، معاہدے کی کامیابی کا سہرہ وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ انہوں نے سرکاری ٹی وی پر قوم سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے طویل مدتی گیس پر معاہدہ نہ کرکے بدترین غفلت برتی گئی۔

 

جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے، میں نے وعدہ کیا تھا کہ غلط بیانی نہیں کروں گا، اور ہم نے دل پر پتھر رکھ کر عالمی منڈی میں بڑھتی تیل کی قیمتوں کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا جس کا عام آدمی پر بوجھ پڑا، ہمارے پاس کوئی اور راستہ نہیں تھا، اگر راستہ ہوتا تو عوام کیلئے مشکلات کبھی پیدا نہ ہونے دیتے، لہذا ہمیں سخت فیصلے کرنے پڑے، مگر آج اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت تیزی سے گر رہی ہیں،اور آج ہمیں تیل کی قیمت مین کمی کرنے کا موقع ملا ہے، ہمیں اس کمی کا ایک ایک پیسا آپ تک پہنچانے کی سعادت ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ شبانہ روز کاوشوں کے بعد آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوچکا ہے، جس کا سہرہ ہمارے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے، جنہوں نے پوری کوشش کے بعد معاہدہ کرنے میں کامیابی حاصل کی، لیکن یہ بات ذہن میں رہنی چاہیے کہ دنیا میں ایسی اقوام بھی ہیں جنہوں نے 25، 30سال پہلے آئی ایم ایف سے آخری معاہدہ کیا اور نئی راہیں تلاش کیں، پھر وہ اٹھ کھڑی ہوئیں، دن رات ایک کیا، خون پسینہ بہایا اور قوم کو پاؤں پر کھڑا کردیا۔

 

آج میں آپ سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے لیے بھی آئی ایم ایف کے ساتھ آخری معاہدہ ہو، ہم اس معاہدے کو پورا کریں پھر پاؤں پر کھڑا ہونے کی کوشش کریں، خودانحصاری واحد راستہ ہے جو اقوام کو عزت دیتا ہے، اس راستے کیلئے کانٹوں بھرے راستے سے گزرنا پڑتا ہے، اللہ کا حکم ہے محنت کرو، میں محنت کورائیگاں نہیں جانے دوں گا۔انہوں نے کہا کہ میرا کامل یقین ہے، اتحادی حکومت ، قائد نوازشریف، اتحادی قائدین کی یکسوئی ، خلوص دل کے نتیجے میں پاکستان ضرور اپنی منزل پر رواں دواں ہوگا، مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے ، لیکن کس طرح؟ اسی طرح جس ان قوموں نے اپنا راستہ بنایا جنہوں نے ہمت نہیں ہاری، نیلم جہلم کو 20سال لگ گئے، ایک ارب ڈالر کے بدلے5 ارب ڈالر لگ گئے، پھر مکمل ہوا، حویلی منصوبے کو دوسال پہلے مکمل ہونا چاہیے تھا مگر ابھی تک مکمل نہیں ہوا، وقت کی بربادی سے قومی معیشت کو اس کا فائدہ نہیں پہنچ سکا۔دو مثالیں سامنے رکھی ہیں، ہمیں محنت کا راستہ اپنانا ہوگا۔یقین دلاتا ہوں کہ اتحادی حکومت مل کر پاکستان کو منزل کی طرف تیزی کے ساتھ رواں دواں ہے، اچھا وقت جلد آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ آج رات 12بجے کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 40روپے 54پیسے اور پیٹرول 18روپے 50پیسے کی کمی کی جارہی ہے، اللہ نے جو ہمیں موقع دیا ہے، آئندہ بھی عالمی منڈی میں تیل اور اجناس کی قیمتوں میں کمی ہوتی رہے تو ہم قوم کو ریلیف دیتے رہیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں