حکومت نے عید سے قبل ایک بار پھر عوام پر بجلیاں گرادیں

اسلام آباد (پی این آئی) عید سے قبل بجلی مزید مہنگی کر دی گئی، نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں بجلی مزید مہنگی کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے عین عید سے 2 روز قبل عوام کو بجلی مہنگی کرنے کا تحفہ دے دیا۔ نیپرا نے بجلی 1روپے 55 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کردی جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

 

نیپرا کے مطابق اضافہ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں کیا گیا ہے اور قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2022 سے ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کا بجلی صارفین پر 39 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا بجلی صارفین سے اضافی وصولی 3 ماہ کیلئے کی جائے گی جب کہ قیمت کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔اس سے قبل گزشتہ روز نیپرا نے کےالیکٹرک کیلیے مئی کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں 9روپے 52 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔جبکہ 2 روز قبل ہی نیپرا نے مئی کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی۔ ایک ماہ کیلئے بجلی 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔ نیپرا نوٹیفیکشن کے مطابق اضافے کا اطلاق جولائی کے ماہ کے بلوں پر ہوگا،اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا،فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا،مئی کے فیول چارجز ایڈ جسمنٹ میں 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

 

سی سی پی اے جی نے 7 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی تھی۔اس کے علاوہ یا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت توانائی کی سمری منظور کرتے ہوئے بجلی کا بنیادی ٹیرف مرحلہ وار 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ بڑھانے کی منظوری دے دی ہے ، جس کے تحت بجلی کابنیادی ٹیرف مرحلہ وار بڑھایا جائے گا اور پہلا اضافہ 3 روپے 50 پیسے کا ہوگا ، جولائی سے بجلی 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی ہے ، اس کے بعد اگست سے بجلی مزید 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی ہوگی اور اکتوبرسے بجلی کا بنیادی ٹیرف 91 پیسے فی یونٹ بڑھایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close