جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی کی بڑی وکٹ گرادی

خوشاب (پی این آئی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے سود کے خلاف اپیل کا فیصلہ واپس نہ لیا، تو یہ اللہ کے خلاف جنگ ہے، پھر اس حکومت کے خلاف جنگ ہمارے اوپر واجب ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے خوشاب میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے ضلعی نائب صدر چودھری انعام الحق نے اپنے ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔

 

امیر جماعت نے لوگوں کو تحریک کا حصہ بننے پر مبارک باد دی اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ ہم مل کر اسلامی پاکستان کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بعدازاں انھوں نے دریا خان میں حلقہ پی پی 90کے امیدوار نوید احسن نیاز کی ضمنی انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی جلسہ سے بھی خطاب کیا۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجا ب شمالی اقبال خان اور امیر ضلع بھکر ڈاکٹر نثار احمدبھی اس موقع پر موجود تھے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں تمام خرابیوں کی جڑ حکمران ہیں۔ حکومت اچھی ہو گی تو ترقی، امن اور خوشحالی آئے گی اور بری ہو گی تو کرپشن،غربت اور بے روزگاری پھیلے گی۔ قوم سات دہائیوں سے جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کو بھگت رہی ہے۔ ہمارے وزرائے اعظم توشہ خانہ کے تحائف بھی اپنی ملکیت سمجھ کر استعمال کرتے رہے۔ قانون کا مذاق اڑانا ان کی عادت بن گیا، قوم پر مسلط حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ عدالتیں ان کی تابعدار ہو جائیں اور کرپشن پر انھیں کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بداعمالیوں کی سزا 22کروڑ عوام بھگت رہی ہے۔

 

اس ملک کو اسلام کا نظام چاہیے، جب تک جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں سے چھٹکارہ حاصل نہیں ہو گا، ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ تینوں بڑی جماعتیں پوری طرح ایکسپوز ہو گئیں،جماعت اسلامی نعم البدل کے طور پر سامنے آئی ہے۔ لوگ جماعت اسلامی میں اس لیے شمولیت اختیار کر رہے ہیں کہ وہ پاکستان میں قرآن و سنت کا نظام چاہتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close