جمعہ کے روز کون کونسے بینک کھلےرہیں گے؟ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ہدایت کر دی

کراچی (پی این آئی) عید تعطیلات کے باوجود بینکوں کو جمعہ کے روز تک منتخب برانچیں کھلی رکھنے کی ہدایت کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ عیدتعطیلات میں بینکوں کی مخصوص برانچز جمعہ کو بھی کھلیں گی ، اس ضمن میں مویشی منڈیوں کے قریب برانچز 8 جولائی کو کھلی رکھنے کا کہا گیا ہے۔

 

مذکورہ تاریخ پر معمول کے طریقہ کار سے کام کی انجام دہی کے لیے بینکوں کو منتخب برانچوں میں ضروری عملہ تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم کلیئرنگ کے تمام لین دین 13 جولائی سے ہوں گے۔بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر طویل تعطیلات کے دوران بالخصوص تجارت و صنعت سے وابستہ افراد اور بالعموم عوام کو بینکاری خدمات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے ، اس مقصد کے لیے مختلف بینک بشمول مائیکروفنانس بینک ملک بھر میں مویشی منڈیوں کے قرب و جوار ، بڑے شہروں ، کاروباری مراکز ، تجارتی مقامات اور پورٹس وغیرہ پر اپنی منتخب برانچیں جمعہ 8 جولائی 2022 کو کھولیں گے تاہم 8 جولائی کو آر ٹی جی ایس اور نفٹ (NIFT) کے ذریعے کلیئرنگ دستیاب نہیں ہوگی اور کلیئرنگ کے تمام لین دین بشمول زرِ مبادلہ کی تبدیلی کا تصفیہ اگلے یومِ کار یعنی بدھ 13 جولائی 2022ء کو کیا جائے گا۔

 

خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عیدالضحیٰ پر5 چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے، اسٹیٹ بینک عید کی تعطیلات کے سلسلے میں 8 سے 12جولائی تک بند رہے گا ، اس دوران اسٹیٹ بینک کی برانچز اور دفاترز عید کی چھٹیوں کے سلسلے میں بند رہیں گے ، اسی طرح کابینہ ڈویژن نے عید کی تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ، کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر 5 تعطیلات ہوں گی اور ملک میں عید کے موقع پر پر 8 سے 12 جولائی تک تعطیلات ہوں گی۔دوسری جانب پاکستان ریلوے نے عیدالاضحیٰ پر پردیسیوں کی سہولت اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے تاکہ دوسرے شہروں میں مقیم لوگ عید پر اپنے گھروں کو جاسکیں ، اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ مسافروں کے رش کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

 

8 جولائی صبح 10 بجے پہلی اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے براستہ ملتان، ساہیوال، لاہور سے پشاور پہنچے گی ، جب کہ 8 جولائی کو دوسری اسپیشل ٹرین شام 6 بج کر45 منٹ پر کراچی سے براستہ ملتان، فیصل آباد، لاہور پہنچے گی ، 13 جولائی کو تیسری اسپیشل ٹرین لاہور سے صبح11 بج کر30 منٹ پر براستہ فیصل آباد، ملتان سے کراچی پہنچے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close