گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوائیں، طریقہ کار بھی پتہ چل گیا

اسلام آباد (پی این آئی)گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوائیں، پاکستان دنیا میں ٹیکنالوجی متعارف کرانے والا پہلا ملک بن گیا، جس کی بدولت شہری اسمارٹ فون کی مدد سے گھر بیٹھے ہی شناختی کارڈ بنواسکیں گے۔نادرا کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجی کی بدولت شناختی کارڈ بنوانے کے پروگرام میں موبائل پر لائیو بائیومیٹرک (انگلیوں کے نشان) کے حصول کے ساتھ ساتھ تصدیق بھی ہو سکے گی۔

درخواست گزار اپنے اسمارٹ موبائل فون کے کیمرہ کی مدد سے نہ صرف فنگرپرنٹ لے سکتے ہیں بلکہ تصویر اور دیگر دستاویزات کو بھی اسکین کر کے اپ لوڈ کرسکے گا۔ نادرا کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی موبائل ایپ پر بیرونِ ملک میں مقیم پاکستانی بھی شناختی کارڈ کی تجدید یا تبدیلی کے حوالے سے آن لائن درخواست جمع کراسکتے ہیں جبکہ شہریوں کو بھی ایک کلک پر یہ سہولت حاصل ہوگی۔ ایسے تمام شعبے جن میں بائیومیٹرک تصدیق کی ضرورت پڑتی ہے مثلاً ای گورننس، ای کامرس، مالی شمولیت کے مختلف پروگرام مثلاً احساس پروگرام، کامیاب جوان پروگرام وغیرہ،وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن کے صارفین انہیں گھر بیٹھے اپنی شناختی معلومات فراہم کر سکتے ہیں اور بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے تمام تر ضروری کارروائی کو مکمل کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نادرا کی جانب سے آن لائن شناختی کارڈ بنانے کے لیے ویب سہولت فراہم کی گئی ہے، جس کی مدد سے ہزاروں افراد نے شناختی کارڈ کے حصول، تجدید کے لیے درخواستیں دیں اور گھر بیٹھے شناختی کارڈ حاصل کیا۔نادرا کے مطابق اس ایپ کو نادرا https://id.nadra.gov.pk ویب پورٹل سے منسلک کیا جائے گی۔ علاوہ ازیں اینڈرائیڈ صارفین گوگل پلے اسٹور سے PAK IDENTITY ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close