عمران خان نے 17جولائی کے ضمنی الیکشن سے متعلق بڑا دعویٰ کردیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 17جولائی کے الیکشن میں دھاندلی کے باوجود شکست دیں گے، مبارکباد دیتا ہوں نیا پاکستان بننے سے کوئی نہیں روک سکتا،الیکشن میں کوئی بھی حربہ استعمال کریں قوم چوروں کوکبھی تسلیم نہیں کرے گی۔

 

انہوں نے پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس دن 25 مئی کو واپسی کا اس لیے فیصلہ کیا کہ مجھے پتا تھا لوگوں کو پولیس اور رینجرز پر غصہ تھا، جس طرح خواتین بچوں پر شیلنگ کی گئی، مجھے علم تھا اس دن شام کو پولیس اور رینجرز کے سامنے میری قوم نے کھڑی ہوجانا تھا، میں نے فیصلہ کیا کہ میں انتشار نہیں پھیلانا چاہتا کیونکہ پولیس اور رینجرز دونوں میرے ہیں۔میں تو اپنے مقصد کیلئے نکلا تھا، میر جعفر میر صادق نے مل کر 22کروڑ عوام کی الیکٹڈ حکومت کو ہٹایا، پھر ملک کے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو ہمارے اوپر مسلط کیا، میں اس دن سارے اداروں کو پیغام دینا چاہتا تھا کہ قوم کدھر کھڑی ہے، قوم کسی صورت ان ڈاکوؤں کو تسلیم نہیں کرے گی، میں ملک کے اداروں کے خلاف جنگ کرنے اور ملک کا نقصان کرانے نہیں نکلا تھا، امپورٹڈ حکمرانوں کان کھول کر سن لو، تم چاہتے ہوں ہم اپنی فوج سے لڑے پڑیں، اپنی عدلیہ اور فوج کے سامنے کھڑے ہوجائیں، امپورٹڈ حکومت اور چیری بلاسم ، آصف زرداری ، فضل الرحمان ڈیزل سن ہمارا جینا مرنا پاکستان میں ہے، عمران خان کا کاروبار یا کچھ باہر نہیں ہے، 20سال باہر کمائی اور سب کچھ پاکستان میں ہے، میرے ذہن میں کبھی نہیں آیا میں پاکستان سے باہر رہ سکتا ہوں، امپورٹڈ حکومت کو پیغام دیتا ہوں تمہارا جینا مرنا پاکستان میں نہیں ہے، مشرف دور میں نواز شریف باہر بھاگ گیا، پھراین آراو لے کر حکومت میں آیا ملک کو لوٹا اور کیسز بنے توپھر باہر بھاگ گیا، اب پھر این آراو کے انتظار میں ہے، آصف زرداری کا بھی پیسا باہر ہے، ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا، اگر روپیہ بڑھتا ہے تو ان کی دولت میں اضافہ ہوتا ہے، اگر ملک کو کچھ ہوتا تو یہ پھر باہر جاسکتے ہیں، زرداری صدر تھا تو 50نجی دوروں پر باہر گیا، نوازشریف 22مرتبہ باہر گیا، زرداری جب اقتدار میں تھا تو امریکی سفیر حسین حقانی کے ذریعے امریکا کو پیغام دیا تو مجھے پاکستانی فوج سے بچا لو، نوازشریف نے مودی کو اپنے گھر شادی پر بلایا۔

 

پاکستان نیچے جائے تو ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں! آج لوگوں کو اس لیے دعوت دی کہ ثابت کرنا چاہتا تھا کہ اگر25مئی کو ظلم نہ کرتے، پولیس چھاپے نہ مارتی ،آنسو گیس کی شیلنگ نہ کرتی، تشدد نہ کرتی تو اسی طرح عوام نے آنا تھا، اور امپورٹڈ حکومت نامنظور کا نعرہ لگانا تھا، کیونکہ قوم امریکی سازش اور ڈاکوؤں کو تسلیم نہیں کرتی، ملکی اداروں کو پرامن احتجاج سے پیغام دینا چاہتے تھے ، انہوں نے ہمیں احتجاج نہیں کرنے دیا، آج پشاور،کراچی، لاہور، ملتان ، پورے پاکستان میں قوم نکلی ہوئی ہے، اداروں کو پرامن احتجاج پیغام دے رہا ہے، ابھی بھی وقت ہے ملک کو ان چوروں کے ہاتھ سے بچا لو، کہیں ہمارے ہاتھ سے گیم نہ نکل جائے پھر چاہو گے بھی نہیں روک سکو گے ۔دوسری چیز یہ کہنے آیا تھا غور سے بات سننا، میں پاکستان کے ساتھ بڑا ہوا ہوں، میرے ماں باپ غلام ملک ہندوستان میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے مجھے بتایا تم خوش قسمت ہو کہ آزاد ملک میں پیدا ہوئے، مجھے سمجھانا ہے کہ ہم نے انگریزسے کیوں آزادی حاصل کی تھی؟ قائداعظم نے کیوں پاکستان کو آزاد کرایا تھا، کیوں کہ انگریز کے دور میں قانون کی بہتر حکمرانی تھی، کرپشن بھی نہیں تھی، آزادی اس لئے چاہیئے کہ اللہ نے ہمارا دعویٰ ہے لاالہ الااللہ۔کہ اللہ ہم تیرے سامنے کسی کے سامنے سر نہیں جھکاتے، اقبال کا شاہین کیا تھا جو زنجیریں توڑ کر اوپر چلا جاتا تھا، غلام قوم کچھ نہیں ہوتی صرف آزاد قوم بڑا نام بناتی ہے، پاکستان بنا تو ہم نے کہا کہ ہم پاکستان اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے،اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ،انسان پرواز کرتا ہے تو فرشتوں سے اوپر لیکن جب انسان گرتا ہے تو جانوروں سے بھی نیچے چلا جاتاہے، کلمہ زنجیریں توڑ دیتا ہے اور چھوٹے انسان سے بڑا انسان بنا دیتا ہے۔

 

 

ہم انگریز کی غلامی سے آزادی چاہتے تھے لیکن قائداعظم نے کہا ہم یہ نہیں چاہتے کہ انگزیزوں کے بعد ہندوؤں کی غلامی کریں اس لیے پاکستان بنا،آج ہم انگریزوں اور ہندوؤں کی غلامی نہیں کررہے، آج اگر ہم نے امریکیوں کی غلامی کرنی تھی تو پھر آزادی کی جنگ کیوں لڑی؟میں وزیراعظم بنا تو فیصلہ کیا تھا نبی پاک ﷺ کی سیرت سکولوں میں بچوں کو پڑھائیں گے تاکہ ان کو پتا چلے کہ ریاست مدینہ میں کیا انقلاب آیا تھا ؟کہ دنیا کی تاریخ بدل گئی، نبی پاک ﷺ نے لوگوں کو آزاد کیا اور آزاد لوگوں نے دنیا کی امامت کی، ہم پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ امریکیوں کے غلاموں کو یہ قوم کبھی تسلیم نہیں کرے گی، ہمارے نبی محمد ﷺ نے ایک خط رومن سپر پاور اور دوسرا خط پرشین سپر پاور کو خط لکھا کہ میں اللہ کا پیغام لے کر آیا ہوں اگر تم اس پیغام پر چلو گے تو بہتری ورنہ تمہاری بربادی ہے، 10سال کے بعد دونوں سپر پاور گھٹنے ٹیک گئی تھیں۔لیکن آج ہمارے حکمران کیا کہتے ہیں؟ایک لیڈر کہتا ہم بھکاری ہیں، دوسرا کہتا ہم وینٹی لیٹر پر ہیں اس لیے امریکا کی غلامی کررہے ہیں، میں ایک چیز چاہتا ہوں، جب اللہ کے سامنے جاؤں، جب دنیا سے جاؤں تو میری قوم لاالہ الااللہ کا مطلب سمجھ جائے، اس کا مطلب اللہ میں تیرے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکتا، انسان جہاں بھی اپنے ضمیر کی قیمت لگاتا ہے وہ شرک ہے، سب سے بڑا بت خوف کا بت ہے، خوف لوگوں کو غلام بنا دیتا ہے، جب تک کوئی قوم خوف پر قابو نہیں پاتی وہ بڑی قوم نہیں بنتی، نبی پاک ﷺ کے دور میں ہتھیار جدید نہیں تھے ، تھوڑی تعداد تھی لیکن پھر بھی دنیا کے سامنے چھا گئے۔رینجرز پولیس جنہوں نے خواتین بچوں پر شیلنگ کی، ان کو خوف تھا کہیں نوکری نہ چلی جائے انہوں نے نوکری جانے کے خوف کے سامنے اپنے ضمیر کوبیچ دیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کے پیسے باہر پڑے ہیں، بیٹے کہتے ہم برطانوی شہری ہیں، بیٹے ایسے کہتے کہ جیسے ملکہ برطانیہ کے گھر پیدا ہوئے گوالمنڈی میں پید انہیں ہوئے۔

 

میں چاہتا ہوں ہماری قوم خوددار قوم بنے۔انہوں نے کہا کہ پہلی تکلیف امریکا نے سازش کی، دوسری تکلیف سازش کرکے قوم کی توہین کی ملک پر بڑے ڈاکوؤں کو مسلط کیا، میں سیاست میں ان چوروں کے خلاف جہاد کرنے آیا تھا۔اداروں سے سوال ہے ان کو ڈاکوؤں کو مسلط کیا، کیا کرپشن کیخلاف میں اکیلے ٹھیکہ لیا ہوا ہے؟کیا آپ کا پاکستان نہیں ہے؟کیا آپ کو پتا نہیں چوروں کو اوپر بٹھائیں گے تو ملک تباہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نیب قانون ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہوا ہے، کہیں دنیا میں ایسا ہوا کہ ہم ترامیم کرکے 11سو ارب معاف کرا لیں، آدھا پیسا بھی مل جائے تو ہم بجلی، گیس پیٹرولیم کی قیمت کم کرسکتے ہیں۔ایک طرف قوم پر مہنگائی کا بوجھ اور دوسری طرف 11سو ارب کا این آراو ٹو دے رہے ہیں، میں نیوٹرل سے پوچھنا چاہتا ہوں ،ہمارے دین میں ہے، اللہ نے جتنے بھی اپنے پیغمبر بھیجے ہماری آخرت اس چیز پرہے کہ اللہ ہمیں جو دیتا ہے اس سے ہم انسانیت کی کیا خدمت کرتے ہیں؟جو بھی دین ہے ،ہمارا دین، مسیحیوں کادین، یہودیوں، ہندوؤں جس کا بھی دین ہے، ان سب کو ایک ہی پیغام ملاتھا کہ اللہ جتنا بھی آپ کو نوازے گا اس سے آپ انسانیت کیلئے کیا کرتے ہیں؟اللہ مجھ سے جب پوچھے گا کہ میں تمہیں کھیلوں کی گراؤنڈ دی، تم اس شہرت سے انسانوں کی کیا خدمت کی؟ عدلیہ سے اللہ پوچھے کا تم میری زمین پر انصاف قائم کیا یا نہیں؟ کیا طاقتور کو قانون کے نیچے لائے یا نہیں؟ میری عدلیہ سے اللہ پوچھے گا جیلوں میں چھوٹے چھوٹے لوگ جیلوں میں پڑے ہیں لیکن قوم کو لوٹنے والوں کے خلاف سوموٹو ایکشن نہیں لینا چاہیے تھا، وہ دن دیہاڑے قوم کو لوٹ رہے ہیں، اللہ نیوٹرل سے بھی پوچھے گا، طاقت آپ کے پاس ہے پھر چوروں کو ملک پر کیوں مسلط ہونے دیا؟ ہر کسی سے پوچھے گا؟ جس نے بھی ظلم کے نظام کو ملک پر قائم کیا اللہ ان سے حساب لے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوف ہے الیکشن کمیشن کے ذریعے دھاندلی کرنی ہے۔

 

سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں 15فیصد سیٹوں پر لوگوں کو کھڑا ہی نہیں ہونے دیا، پنجاب کے الیکشن میں پولیس کا استعمال ہورہا ہے، ان کے نیچے کبھی صاف شفاف الیکشن نہیں ہونے دینے، یہ کیوں ای وی ایم مشین کا استعمال نہیں کرتے؟ پولنگ ختم ہونے کے بعد گنتی کے دوران دھاندلی ہوتی ہے، پولیس کا استعمال کرنا ، مقدمات بنانے ہیں، ملک پر جس طرح ان کو مسلط کیا جا رہا ہے، پاکستان کو اتنا خطرہ کسی دشمن سے نہیں جتنا ان سے ہے، پاکستانیوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں میں کبھی کسی کی غلامی نہیں مانی، کبھی نہیں جھکا، سب کے دلوں میں لاالہ الا اللہ اس طرح جس طرح میرے دل میں ہے، آپ کبھی کسی غلامی قبول نہیں کریں گے، امپورٹڈ حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، الیکشن میں دھاندلی کریں یا کوئی بھی حربہ استعمال کریں قوم کبھی چوروں کو تسلیم نہیں کرے گی، 17جولائی کے الیکشن میں دھاندلی کے باوجود ان کو شکست دینی ہے، ہندوستان میں ان کے ایمپائروں کے باوجود ہندوستان کو ہرا کر آیا تھا۔سب کو مبارکباد دیتا ہوں نیا پاکستان بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close