رواں سال مون سون بارشیں معمول سے کتنی زیادہ ہوں گی؟ ایمرجنسی نافذ

لاہور(پی این آئی) واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری غفران احمد نے کہا ہے کہ امسال مون سون کے دوران 30فیصد معمول سے زائد بارشیں ہونے کا امکان ہے،واسا نے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں 15ستمبر تک ادارہ میں ایمرجنسی نافذ رہے گی۔

 

تمام برساتی اور عام نالوں کی دو مرتبہ ڈی سلٹنگ کردی گئی ہے ایسے انتظامات کئے گئے ہیں کہ اس مرتبہ ایک گھنٹہ میں ڈیڑھ سو ملی میٹر بارش بھی ہوجائے تو مقررہ وقت میں بارشی پانی کا نکاس یقینی ہے اس وقت واسا کا تمام سسٹم الرٹ ہے، گندے نالوں میں نکاسیٔ آب میں رکاوٹ بڑی وجہ عوام میں شعور کا نہ ہونا اور دوسرا لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی عدم توجہ ہے،لوگ اور ویسٹ کمپنی کے اہلکار نالوں میں کوڑا کرکٹ اور غلاظت پھینکتے ہیں ان لوگوں نے گندے نالوں کو فلتھ ڈپو بنا لیا ہے، نالوں میں کوڑا پھینکنے والوں کیخلاف جرمانوں اور سزا کا قانون بنایا جائے گا جس کیلئے جلد حکومت کو سفارش کرینگے۔چوہدری غفران احمد نے کہا کہ واسا کی خسارے سے باہر نہ آنے کی بڑی وجہ مہنگی بجلی کا ہونا ہے، اس وقت ہم 20روپے پر یونٹ کے حساب سے بجلی کے بل کی ادائیگی کررہے ہیں، حکومت واسا کو سستے داموں بجلی فراہم کرے یا پھر پانی کے ٹیرف بڑھانے کی اجازت دے۔لاہور میں پانی کی کمی ہورہی ہے جس کی وجہ سے یہ سٹرس زون میں چلا گیا ہے۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ”پاکستان فورم“میں گفتگو کرتے ہوئے کیااس موقع پر ان کیساتھ واسا کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن محمد ذیشان بھی موجود تھے۔مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے ایم ڈی واسا نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ واسا کا سسٹم پرانا ہے،مون سون کے دوران کمبائن سیوریج سسٹم کے تحت ہی پانی کو ڈسپوز آف کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے کچھ علاقوں میں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس وقت مشینری کی مینٹینننس بھی ساتھ ساتھ جاری ہے لاہور میں بارشی پانی کو سٹور کرنے کیلئے 11ٹینک بنائے جانے کا منصوبہ ہے جس میں سے2 آپریشنل ہو چکے ہیں جبکہ باقی بھی جلد ہی مکمل ہوجائیں گے۔50ملی میٹر تک بارش ہو تو بہت جلد نکاسی ہوجاتی ہے جبکہ اس سے زیادہ بارش ہو تو تھوڑا وقت لگتا ہے۔لاہور میں پانی کی بڑھتی ہوئی کمی کے پیش نظر لوگوں کو اس کی حفاظت کرنی چاہیے. چوہدری غفران احمد کا کہنا تھا کہ واسا میری ٹیم ہے تمام کارکنان بہترین کام کررہے ہیں سب ورکرز کی کارکردگی قابل تعریف ہے اس سال بھی بہترین ڈیلیور کرینگے۔پانی کیلئے ہمارا بہت بڑا ڈسٹریبیوشن سسٹم ہے، واسا کی جانب سے فراہم کیا جانے والا پانی منرل واٹر سے کسی طور پر کم نہیں ہے۔واسا کا کمپلینٹ ڈیسک بہت بہتر کام کررہا ہے۔

 

ہماری کوشش ہوتی ہے کہ صارفین کی شکایات کا بروقت اور فوری ازالہ کریں۔ایم ڈی واسا چوہدری غفران احمد نے کہا ہے کہ واسا لاہور چاروں صوبوں کے بڑے شہروں سے200فیصد زائد پانی لاہور کے شہریوں کو فراہم کررہا ہے، اس وقت لاہوریوں کو 24میں سے 18گھنٹے پینے کیلئے صاف اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق پانی فراہم کیا جا رہا ہے اور ہم دعویٰ کرتے ہیں کہ کراچی کوئٹہ،پشاور اور اسلام آباد سے بہتر اور زیادہ پانی فراہم کررہے ہیں لیکن آنے والی نسلوں کیلئے پانی کو محفوظ کرنا ہوگا جس کیلئے اوقات کار میں روزانہ 10 گھنٹے کی کمی کرنا ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close