گاڑی و موٹر سائیکلوں کے 22 لاکھ مالکان خوار ہو گئے، کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹ کا حصول خواب بن گیا

لاہور (پی این آئی) 22 لاکھ گاڑیوں اور موٹر سائیکل کے مالکان رجسٹریشن نمبر کے حصول کے بعد نمبر پلیٹ کے انتظار میں خوار ہو گئے۔ 22 لاکھ شہریوں کے گاڑی کے شناختی کوائف اور نمبر پلیٹس ایک خواب بن گیا ہے۔رجسٹریشن کے بعد نہ نمبر پلیٹس نہ سمارٹ کارڈز اور نہ ہی فائلز مالکان تک پہنچائی جا سکیں۔ لاہور سے موصول ہونے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایکسائز حکام نے گاڑی وموٹرسائیکل رجسٹریشن کے بعد مالکان کو 48گھنٹوں میں پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا تھا اور اس مقصد کے لیے پاکستان پوسٹ کو چند ماہ قبل نمبرپلیٹس،کارڈز اور فائلز کی ڈلیوری کا کنٹریکٹ دیا گیا تھا۔

پاکستان پوسٹ کی جانب سے ابھی تک آن لائن ٹریک کرنے کے لئے کوئی سسٹم تیار نہیں کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان پوسٹ کی طرف سے ٹریکنگ سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو معلومات کے لئے ایکسائز دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ 48 گھنٹے کے دعوے کے باوجود کئی کئی ہفتے کارڈز اور فائلز ڈلیور نہیں ہو رہیں۔ ناقص حکمت عملی کے باعث 22لاکھ سے زائد گاڑی و موٹرسائیکل مالکان کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹوں کی بجائے فینسی نمبر پلیٹس لگا کر گاڑیاں چلانے پر مجبور ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close