حمزہ شہباز کو ووٹ دوں گا یا نہیں؟ منحرف ن لیگی رہنما فیصل نیازی نے فیصلہ سنا دیا

لاہور (پی این آئی) منحرف (ن) لیگی رکن پنجاب اسمبلی فیصل نیازی نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن میں حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔فیصل نیازی نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے کبھی دور نہیں رہا، اب اگر الیکشن ہوا تو حمزہ شہباز کو ہی ووٹ دوں گا۔فیصل نیازی نے مزید کہا کہ اکثریت (ن) لیگ کے پاس ہے اور جیت بھی ن لیگ کی ہی ہوگی۔

 

سپریم کورٹ نے آج اپنے فیصلے میں 22 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن دوبارہ کرانے کا حکم دیا ہے۔خیال رہے کہ مئی کے مہینے میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 209 سے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی فیصل نیازی نے اپنا استعفیٰ اسپیکر کو پیش کیا تھا تاہم ان کا استعفیٰ تاحال منظور نہیں ہوا ہے۔فیصل نیازی ن لیگ کے منحرف ارکان میں شامل تھے اور وہ خانیوال سے رکن منتخب ہوئے تھے۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے 16 اپریل 2022 کو ہونے والے الیکشن میں مولانا غیاث الدین، فیصل نیازی، اشرف انصاری اور اشرف چوہدری ن لیگ سے منحرف ہوگئے تھے اور انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری پرویز الہیٰ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔اُس وقت حمزہ شہباز 197 ووٹ لے کر وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے تھے جبکہ پرویز الہٰی نے الیکشن کا بائیکاٹ کردیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close