ٹیلی کام کمپنیوں نے سگنلز اور ڈیٹا کی لوڈشیڈنگ کی بھی دھمکی دیدی

اسلام آباد(پی این آئی) بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے بعد اب ٹیلی کام کمپنیوں نے سگنلز اور ڈیٹا کی لوڈشیڈنگ کی بھی دھمکی دے دی۔ موبائل فون کمپنیوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور بیرون ممالک سے بیٹریوں کی درآمد میں درپیش مشکلات کے سبب مسلسل سروسز مہیا کرنا ان کے لیے مشکل تر ہوچکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق تمام ٹیلی کام کمپنیوں کی طرف سے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کو مشترکہ طور پر ایک خط لکھا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے انہیں سنگین مسائل درپیش ہیں۔اس کے علاوہ حکومت کی طرف سے ٹیلی کام سیکٹر سے متعلقہ سامان کی درآمد پر بھاری ٹیکس لاگو کر دیئے ہیں۔ اگر حکومت نے انڈسٹری کے ان مسائل پر توجہ نہ دی تو کمپنیاں ملک میں سیلولر اور انٹرنیٹ لوڈشیڈنگ کرنے پر مجبور ہو جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں