بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوئنٹی کا اجلاس منعقد کرنا عالمی برادری کو دھوکہ دینا ہے، سردار تنویر الیاس خان

مظفر آباد(پی این آئی)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوئنٹی کا اجلاس منعقد کرنا عالمی برادری کو دھوکہ دینا ہے۔ مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا ہے۔یورپی یونین کے مقبوضہ جموں کشمیر کے دورے کے بعد جی ٹوئنٹی اجلاس بھارت کا بھونڈا مذاق ہے۔جی 20 ممالک بھارت کے مقبوضہ جموں کشمیر میں اجلاس کو یکسر مسترد کردیں۔

پانچ اگست 2019 کے بعد منصوبہ کشمیر عملا فوجی چھاونی بنا ہوا ہے جہاں شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق سلب ہیں اور آئے روز معصوم کشمیری بھارت کی قابض فورسز کے ہاتھوں شہید ہو رہے ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر کی حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتا ہے۔ بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔اپنے ردعمل میں وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے جو مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی میں مصروف ہے، اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں  ہندوستانی مظالم رکوانے کے لیے اپنا عملی کردار ادا کریں۔ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم تمام حدیں پار کر چکے۔ مقبوضہ کشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی مرکز بن چکا ہے۔ وہاں 9 لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ہاتھ کشمیریوں کے  خون سے رنگے ہوئے ہیں۔مقبوضہ  کشمیر میں چھ ہزار سے زائد گمنام قبریں دریافت ہو چکی ہیں، آئے روز معصوم کشمیری عوام کو بھارتی قابض فورسز شہید کر دیتی ہیں، عورتوں کی عصمت دری کی جاتی ہے، کشمیریوں کے دلوں سے جذبہ حریت کو ختم کرنے کے لیے ہندوستان کی انتہاء پسند حکومت اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کے لیے انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھا رہی ہے۔

پانچ اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی بنیادی حقوق سلب ہیں اور پانچ اگست کے غیر آئینی اور غیر اخلاقی اقدام کے بعد ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کے لیے 42 لاکھ سے زائد ہندووں کو جعلی ڈومیسائل جاری کر چکا ہے تاکہ مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلا جا سکے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ جی 20 ممالک ہندوستان کہ جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے گئے انسانی تاریخ کے بدترین مظالم اور کشمیریوں کی نسل کا نوٹس لیں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل عام کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close