عدالت نے والد کو گھر سے نکالنے والے بیٹوں اور ان کی والدہ کو تین تین برس قید کی سزا سنادی

راولپنڈی (پی این آئی) مقامی عدالت نے والد کو گھر سے نکالنے والے بیٹوں اور ان کی والدہ کو تین تین برس قید کی سزا سنادی۔نجی ٹی وی کے مطابق محمد قاسم اور راحیلہ بیگم کی طلاق ہوگئی تھی جس کے بعد اس کی سابق اہلیہ نے اپنے بیٹوں زعفران اور فیضان کے ہمراہ گھر پر قبضہ کرکے قاسم کو گھر سے نکال دیا۔ اس پر بزرگ شہری کی درخواست پر تھانہ روات نے جبری قبضے کے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی۔

ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے دونوں بیٹوں اور ان کی ماں کو گھر پر قبضے اور بزرگ والد کو گھر سے نکالنے کے جرم میں تین تین سال قید کی سزا اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ عدالتی حکم پر تینوں ماں بیٹوں کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کرلیا گیا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ گھر کا قبضہ خالی کراکے اصل مالک محمد قاسم کے حوالے کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close