تحریک انصاف کو احتجاج کی بجائے کیا کرنا چاہئے؟ پاکستانیوں کی اکثریت نے مشورہ دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی) گیلپ پاکستان نے نیا سروے جاری کردیا ہے جس کے مطابق 78 فیصد پاکستانیوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو احتجاج کے بجائے بات چیت کا مشورہ دیا ہے۔ گیلپ پاکستان کے سروے میں ملک بھر سے شماریاتی طور پر منتخب 12 سو سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ یہ سروے 30 مئی سے 13 جون 2022 کے درمیان کیا گیا۔

 

گیلپ پاکستان کے جاری کردہ سروے میں بتایا گیا ہے کہ 78 فیصد پاکستانی پی ٹی آئی کو سڑکوں پر احتجاج کے بجائے سیاسی حریفوں کے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ مشورہ دینے والوں میں دیگر سیاسی جماعتوں کے علاوہ 71 فیصد پاکستانی ایسے ہیں ۔جو اپنے آپ کو پاکستان تحریک انصاف کا ووٹر کہتے ہیں۔سروے میں بتایا گیا ہےکہ 76 فیصد پاکستانی ملک میں جلد انتخابات کے بھی حمایت کرتے ہیں لیکن 24 فیصد 2023 میں مقررہ وقت پر انتخاب چاہتے ہیں ۔ اس کے علاوہ 52 فیصد اگلے چھ ماہ میں ملکی حالات میں بہتری کے لیے بھی کافی پُرامید ہیں ، البتہ 47 فیصد مایوس ہیں۔انتخابات کروانے کی حمایت کرنے والے افراد کی شرح تمام صوبوں میں تقریباً یکساں ہے۔بلوچستان میں 85 فیصد، سندھ میں 78 فیصد، پنجاب میں 76 فیصد جبکہ خیبر پختونخوا میں 71 فیصد لوگ ملک میں جلد انتخابات چاہتے ہیں۔سروے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنےکا مشورہ دینے والوں میں دیگر جماعتوں کے علاوہ پی ٹی آئی کے ووٹرز کی اکثریت بھی ہے ۔ پی پی پی کے 93 فیصد، مسلم لیگ ن کے 78 فیصد تو پی ٹی آئی کے 71فیصد اپنی جماعت کو تمام مسائل احتجاج کے بجائے بات چیت سے حل کرنے کا کہتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close