رینجرز نے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ارسلان خان کی گرفتاری ظاہر کر کے رہا کر دیا، گرفتاری کی وجہ بھی بتا دی گئی

کراچی (پی این آئی) رینجرز نے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ارسلان خان کی گرفتاری ظاہر کر دی۔ رینجرز کی جانب سے جاری کیے جانے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ارسلان خان کو ایک دہشت گرد گروہ سے مالی روابط کی تحقیقات کے لیے تحویل میں لیا گیا تھا اور انہوں نے دوران تفتیش اس کا اعتراف بھی کر لیا۔ تاہم ارسلان خان کو اس معاملے کی تحقیقات میں تعاون کی یقین دہانی پر رہا کیا جا رہا ہے۔

رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ محمد ارسلان کو ایک دہشتگرد گروپ کے ساتھ روابط کی بنیاد پر کراچی کے علاقے کلفٹن سے گرفتار کیا گیا تھا، دوران تفتیش ملزم کے دہشتگرد گروپ سے مبینہ مالی معاونت لینے کا انکشاف ہوا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ارسلان خان کو تفتیش میں تعاون کرنے پر تنبیہ کر کے رہا کردیا گیا۔ یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ روز ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ارسلان خان کو صبح 4 بجے ان کی رہائش گاہ سے اغوا کیا گیا تھا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں