بڈاپسٹ (پی این آئی) بڈاپیسٹ میں عالمی سوئمنگ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے آنے والے پاکستانی سوئمر فیضان اکبر کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ہنگری کی پولیس نے تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کر دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 22 سالہ فیضان اکبر کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور وہ سیلف فنانس کے بنیاد پر ورلڈ چیمپئن شپ میں شریک 4 رکنی پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ اس حوالے سے ہنگری پولیس کی ویب سائٹ پر جاری معلومات کے مطابق فیضان اکبر 18 جون سے لاپتہ ہیں۔ انہیں 19 جون کو 100 میٹر بیک اسٹروک مقابلوں میں شرکت کرنا تھی مگر عالمی سوئمنگ کی ویب سائٹ پر ان کے نام کے آگے “ڈڈ ناٹ اسٹارٹ” درج ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مقابلوں سے پہلے ہی غائب ہوگئے تھے۔
پاکستانی کھلاڑی کا نام لاپتہ افراد کی فہرست میں درج ہے۔پاکستانی سوئمنگ ٹیم کے ذرائع اس بات کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ فیضان اپنے ایک رشتہ دار کے پاس فرانس چلا گیا ہو تاہم باضابطہ طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں