وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی رہائش گاہ پر وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی آمد، مجموعی سیاسی صورتحال اور بجٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال

اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی رہائش گاہ پر وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید، سابق وزیراعظم آزاد کشمیرسردار عبدالقیوم نیازی کی آمد، مجموعی سیاسی صورتحال اور بجٹ کے حوالے سے تبا دلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزراء حکومت عبدالماجد خان،چوہدری محمد رشید، چوہدری اظہر صادق، چوہدری یاسر سلطان، ممبر قانون ساز اسمبلی محترمہ امتیاز نسیم، ممبر کشمیر کونسل شجاع راٹھور،تحریک انصاف کے مرکزی رہنما میاں شفیق جھاگوی و دیگر بھی موجود تھے۔

دوران ملاقات تمام آذاد کشمیر کے تمام سیاسی رہنماؤں نے آزادکشمیر کی ترقی کے لیے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں کاوشیں کرنے کا عزم کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادخطہ کی ترقی اور خوشحالی کا مشن لیکر حکومت میں آئے ہیں ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں نچلے طبقے کو اوپر لانے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ آزادکشمیر کی ترقی کے لیے سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ آزادکشمیر کے لوگوں نے ہم پر اعتماد کر کے ہمیں ایوان اقتدار تک پہنچایا، تحریک انصاف کی حکومت عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے تمام علاقوں میں تعمیر وترقی کے لیے یکساں بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ آمدہ بجٹ میں عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کی آمدن بڑھانے کے لیے آمدہ بجٹ میں ایسے منصوبے شروع کریں گے جس سے لوگوں کو مقامی سطح پر روزگار بھی میسر آئے اور ریاست کی آمدن میں بھی اضافہ ہو، اس حوالہ سے سیاحت کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کے لیے جامع پلان کے تحت کام کررہے ہیں اور بجٹ میں بھی سیاحت کے فروغ کے لیے فنڈز رکھے جائیں گے۔

معاشی مسائل کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کریں گے،آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے، آزاد کشمیر میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول ہے، سرمایہ کاروں کو حکومت مکمل تحفظ دیگی،ملاقات میں پرنسپل سیکرٹری سید شاہد محی الدین، ڈی جی سردار گلفراز خان، پولیٹیکل سیکرٹری کرنل ریٹائرڈ شجاعت،سینئر رہنما تحریک انصاف سردار افتخار رشید، میجر خرم حمید خان روکھڑی و دیگر بھی موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close