صباقمر کا شوہر کس ملک کا شہری ہو گا؟ اداکارہ نے خود ہی اشارہ دیدیا

اسلام آباد(پی این آئی)حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’کملی‘ کی اداکارہ صبا قمر نے عندیہ دیا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر غیر ملکی شخص سے شادی کریں گی اور عین ممکن ہے کہ وہ شادی کے بعد شوبز کو بھی خیرباد کہ دیں۔صبا قمر نے 2021 کے آغاز میں بھی پاکستانی نژاد آسٹریلوی کاروباری شخص اور یوٹیوبر عظیم خان سے جلد شادی کرنے کا عندیہ دیا تھا، تاہم بعد ازاں عظیم خان پر لڑکیوں کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات سامنے آنے کے بعد اداکارہ نے ان سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم اب ایک سال بعد اداکارہ گزشتہ چند ہفتوں سے بار بار اپنے انٹرویوز میں شادی اور تعلقات پر بات کرتی دکھائی دیتی ہیں اور ایک ہفتہ قبل ہی انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ ممکنہ طور پر وہ رواں برس کے اختتام تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی۔اب انہوں نے ایک تازہ انٹرویو میں اپنی شادی سے متعلق مزید باتیں کرتے ہوئے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد شوبز چھوڑنے کا عندیہ بھی دے دیا۔صبا قمر نے حال ہی میں صحافی ملیحہ رحمٰن کو دیے گئے انٹرویو میں اپنی فلم ’کملی‘ کے کردار سمیت آج تک ادا کیے گئے دیگر کرداروں پر بھی بات کی اور ساتھ ہی انہوں نے شادی اور ذاتی زندگی سے متعلق بھی باتیں کیں۔اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں تصدیق کی کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے ایک شخص کے ساتھ تعلقات میں ہیں اور ان سے تعلقات کے بعد ان کا محبت سے متعلق خیال ہی تبدیل ہوگیا۔اداکارہ نے اس شخص سے متعلق واضح طور پر معلومات دینے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ وہ غیر ملکی ہے مگر مسلمان ہے۔ صبا قمر نے یہ واضح نہیں کیا کہ جس شخص سے ان کے تعلقات ہیں اور جن سے وہ شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں،

وہ پاکستانی نژاد ہے یا پیدائشی طور پر غیر ملکی شہری ہیں؟انہوں نے یہ ارادہ بھی ظاہر کیا کہ وہ جلد شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور ساتھ ہی خواہش کا اظہار کیا کہ وہ چاہتی ہیں کہ وہ شادی کے بعد اپنے ہونے والے شوہر کے ساتھ فریضہ حج ادا کرنے جائیں۔ایک اور سوال کے جواب میں صبا قمر نے بتایا کہ ان کا خیال ہے کہ شادی کے بعد وہ شوبز کیریئر برقرار نہیں رکھ پائیں گی اور اگر انہیں شوہر کہیں گے کہ اداکاری چھوڑ دیں تو وہ ان کے لیے یہ قدم بھی اٹھانے کو تیار ہیں۔انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ شادی کے بعد وہ شوہر کے ہمراہ مل کر گھر میں ہی اداکاری کریں گی، تاہم سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتی رہیں گی۔صبا قمر کی جانب سے گزشتہ چند ہفتوں کے درمیان بار بار شادی سے متعلق باتیں کیے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر رواں برس موسم سرما میں رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close