پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی) وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کیلئے تیل کی قیمتیں مزید بڑھانا پڑی تو بڑھا دیں گے،پیٹرول پر19 اور ڈیزل پر53روپے سبسڈی دے رہے، بجلی کی قیمت میں مرحلہ وار اضافہ کابینہ کی منظوری سے کریں گے،عمران خان اورشوکت ترین معاہدہ کرکے آئے کہ ہر ماہ پیٹرول پر 4روپے ٹیکس لگائیں گے،یہ معاہدہ ہم نے نہیں کیا تھا۔

 

انہوں نےنجی ٹی وی کے پروگرام میں سینئر صحافی حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ کی حکومت کی بات کرنا بچوں والی بات ہے، آئی ایم ایف کی خوشنودی حاصل کرنا ہمارا مقصد نہیں، پاکستان کی بہتری کیلئے ہی ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، ہم نے پیٹرول اور ڈیزل 60، 60 روپے بڑھایا، اگر مزید کوئی مزید اقدام کرنا پڑا تو ہم کریں گے، پیٹرول بھی مزید مہنگا کرنا پڑا تو کریں گے۔حکومت پیٹرول پر کوئی ٹیکس نہیں لے رہی، ابھی بھی سبسڈی دے رہی ہے۔آئی ایم ایف کہتا ہے کہ سبسڈی ختم کریں، نقصان ختم کرو، جب نقصان ختم کروگے تو اگلے مالی سال میں بجٹ سرپلس ہوگا،پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کے ساتھ ٹھیک معاہدے نہیں کیے، آئی ایم ایف کہتا تھا خسارہ ختم کرو، عمران خان اورشوکت ترین معاہدہ کرکے آئے کہ ہر ماہ پیٹرول پر 4روپے ٹیکس لگائیں گے، دو فیصد سیلز ٹیکس بڑھائیں گے،یہ معاہدہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہم نے نہیں انہوں نے کیا تھا۔

 

عمران خان اور شوکت ترین نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا وہ پاکستان کے حق میں نہیں ہیں، میری کوشش ہے کہ پی ٹی آئی والا معاہدہ آئی ایم ایف کے ساتھ تبدیل ہوجائے۔آئی ایم ایف کے ساتھ جس طرح معاہدہ ہوجائے گا تو اس دن ڈالر قابو میں آجائے گا،موجودہ حالات جیسے کبھی معیشت کے حالات نہیں دیکھے،عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت124ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے، عمران خان اگر تیل کی قیمتوں پر لانگ مارچ کرتے ہیں تو آجائیں اس سے میری اور میری جماعت کی سیاست خراب ہوگی تو کوئی بات نہیں پاکستان کا نقصان تو نہیں ہوگا ناں۔دوستوں کے پیسوں سے ملک نہیں چلتے، ہاں چین کے 2ارب 40کروڑ ڈالر پیسے سے اعتماد آئے گا، ہندوستان کے ذخائر600ارب ڈالر، بنگلا دیش کے پاس 40ارب ڈالر کے ذخائر ہیں، تو کیا باوقار قوم کیلئے شرم نہیں آئے گی کہ ہمارا وزیراعظم اور وزیرخزانہ جب آئی ایم ایف کے پاس پیسے مانگنے جاتا ہے۔پیٹرول پر19روپے اور ڈیزل پر53روپے سبسڈی دے رہے، مٹی کے تیل پر24اور لائٹ ڈیزل پر23روپے سبسڈی دے رہے ہیں۔پی ٹی آئی حکومت نے پچھلے سال 70ارب کا نقصان کیا، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت دو بار30، 30روپے بڑھائی،پیٹرول اور بجلی کی قیمت نہ بڑھائی تو ملک ڈیفالٹ کرجائے گا، بجلی کی قیمت میں اضافہ مرحلہ وار کیا جائے گا، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کابینہ منظور کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں