خیبرپختونخوا بجٹ پیش، 98ہزار ٹیچرز اور675ڈاکٹرز کو مستقل کرنے کی خوشخبری سنا دی گئی

پشاور ( پی این آئی ) خیبرپختونخوا حکومت نے بجٹ پیش کر دیا ، صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ یکم جولائی سے 675 ڈاکٹرز کو مستقل کیا جائے گا، 98ہزار ٹیچرز کا مطالبہ ہے وہ بھی جولائی سے مستقل ہوجائیں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیرخزانہ خیبرپختونخو ا تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ اساتذہ سمیت ڈاکٹرز اور قبائلی اضلاع کے ملازمین کو مستقل کیا جائے گا،صرف ملازمین کے پیکجز میں اضافے نہیں۔

 

مراعات اور تحفظ بھی دیا جائے گا، ہم اپنے ایگزیکٹو الاؤنس کو پرفارمنس الاؤنس میں تبدیل کریں گے،پولیس شہدا کے پیکجز کو بھی بڑھایا ہے،زیادہ تر ملازمین کی تنخواہ 31 فیصد بڑھے گی،نوجوانوں کو 25 ارب روپے کے قرضے دئیے جائیں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ دیر ، بونیر، چارسدہ اور ہری پور میں 4 نئے میڈیکل کالجز بنائے جائیں گے،ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لیے 17 ارب روپے رکھے گئے ہیں،مفت ادویات کے لیے بجٹ میں 10 ارب روپے مختص کیے گئے ، صحت کارڈ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ، تھلیسمیا، ایڈوانس کینسر کوریج اور آلہ سماعت بھی شامل ہیں ۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 اور پیشن میں 15 فیصد اضافے کی تجویز شامل ہے، صحت کارڈ میں سرکاری ملازمین کے لیے او پی ڈی کی سروس بھی شامل ہے ، صحت کارڈ میں سرکاری ملازمین کے لیے 5 پیکجز شامل کیے گئے ہیں،26ارب روپے کی لاگت سے غریب خاندانوں کو ریلیف پیکج دیا جائے گا، بجٹ میں 10 لاکھ خاندانوں کے لیے فوڈ کارڈ شامل کیا گیا ،بجٹ میں ترقیاتی پروگرام کا حجم 418ارب روپے ہے،مختلف بین الاقوامی ادارے خیبر پختونخوا میں 86 ارب روپے کی سرمایہ کاری کررہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close