سابق فوجی افسران کیخلاف کارروائی مریم نواز کی تقریر کے بعد کی گئی؟ ترجمان پاک فوج کا بیان آگیا

راولپنڈی(پی این آئی) پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈے کا حصہ بننے والے 5سابق فوجی افسروں کی پنشن اور دیگر مراعات ختم کی گئی تھیں اور کچھ یوٹیوبرز کی طرف سے پاک فوج کے اس اقدام کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ایک حالیہ تقریر سے جوڑا جا رہا تھا، جس کی پاک فوج کی طرف سے تردید کر دی گئی ہے۔ جن سابق فوجی افسران کی پنشن اور مراعات ختم کی گئی ہیں ان میں ایک ریٹائرڈ میجر جنرل بھی شامل ہے۔

 

کچھ یوٹیوبرز کی طرف سے یہ بات پھیلائی جا رہی تھی کہ ان سابق فوجی افسروں کے خلاف کارروائی مریم نواز کی حالیہ تقریر کے بعد عمل میں لائی گئی۔ جی ایچ کیو ذرائع نے اس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان افسروں کے خلاف کارروائی مریم نواز کی مذکورہ تقریر سے کم از کم 2ہفتے پہلے شروع کی گئی۔ ان کے خلاف کارروائی قانونی طریقہ کار کے مطابق کی گئی جس میں انہیں اپنے دفاع کا بھرپور موقع فراہم کیا گیا تھا۔ کچھ یوٹیوبرز ہر قسم کا جھوٹ بغیر تصدیق کے پھیلا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پاک فوج کو امید ہے کہ حکومت ان عناصر کے خلاف کارروائی کرے گی جو فوج کے ادارے کو بدنام کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یوٹیوبرز کی طرف سے ایک یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا تھا کہ یہ کارروائی 150کے لگ بھگ سابق فوجی افسران کے خلاف کی گئی ہے۔ ذرائع نے اس دعوے کی بھی تردید کی اور بتایا کہ یہ کارروائی صرف5سابق افسران کے خلاف کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اپنی مذکورہ تقریر میں مریم نواز نے پاک فوج سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ پی ٹی آئی کے حق میں متنازعہ مہم چلانے والے سابق فوجی افسروں کے خلاف کارروائی کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close