گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان شہریوں کو خوشخبری سنا دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی )گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں سے پریشان عوام کو حکومت نے اچھی خبر دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد بناسپتی اور خوردنی تیل کی قیمتیں کم کر دی جائیں گی ،جس کیلئے حکومت نے سر جوڑ لیے ہیں ۔وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت خوردنی تیل کمیٹی کا اجلاس اسلام اباد میں ہوا ،وفاقی وزراء ، وفاقی سیکریٹریز اور وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

 

اجلاس کو ملک میں موجود خوردنی تیل کے ذخائر، انڈونیشیا اور ملائیشیا سے پام آئل کی درآمد پر بریفنگ دی گئی ،وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضی محمود نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں خوردنی تیل کے وافر ذخائر موجود ہیں ۔رواں ماہ ملائشیا اور انڈونیشیا سے خوردنی تیل کے ٹرک پاکستان پہنچ رہے ہیں،جس سے ملک میں خوردنی تیل کے ذخائر میں بہتری اور گھی کی قیمتیں کم ہونگی، اجلاس میں خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا ،وزیر خزانہ نے کہا کہ انڈونیشا اور ملائیشیا سے خام خوردنی تیل کی سپلائی بحال کی جارہی ہے۔سستے خوردنی تیل کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نے خود رابطے کیے ہیں، ملک میں خوردنی تیل اور گھی کے خاطر خواہ اسٹاک موجود ہیں، اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضی محمود انڈونیشیا روانہ ہو رہےہیں،وہ خوردنی تیل کے معاملہ پر انڈونیشیا کے حکام سے بات کرینگے، وزیر تعلیم رانا تنویر نے بناسپتی مینوفیکچررز پر گھی کی قیمتیں کم کرنے پر زور دیا ور کہا کہ عام آدمی کی سپورٹ کیلئے گھی سستا کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close