آزادکشمیر کابینہ، ترقیاتی کمیٹی نے 16 ارب 32 کروڑ 74 لاکھ 75 ہزار روپے کے 33 منصوبہ جات کی منظوری دے دی

مظفرآباد (پی این آئی) آزادجموں وکشمیر کابینہ کی ترقیاتی کمیٹی نے 16ارب 32کروڑ 74لاکھ 75ہزار روپے کے 33منصوبہ جات کی منظوری دی ہے وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں آزادکشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی سربراہی میں منعقدہ کابینہ کی ترقیاتی کمیٹی کے اجلا س میں وزراء کرام،،مشیران حکومت، پارلیمانی سیکرٹریز، معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری،سیکرٹریز حکومت اور سربراہان محکمہ جات نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے کابینہ ترقیاتی کمیٹی کو منصوبہ جات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔اجلاس میں کشمیر ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے 620کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کے منصوبہ جات زیر غور لائے گئے۔ ساؤتھ کے اضلاع کوٹلی، بھمبر اور میرپور کے لیے 220کلومیٹر شاہرات جبکہ نارتھ کے اضلاع پونچھ،باغ، مظفرآباد،نیلم،جہلم، سدھنوتی اور حویلی کے حلقہ جات کے لیے 400کلومیٹر شاہرات کی منظوری دی گئی۔ان کے علاوہ میرپور حلقہ 3اورحلقہ 4کے لیے 30کلومیٹر سڑک کی تعمیر اور ری کنڈیشننگ کے علاوہ چھتر کلاس تا ڈنہ کالج مظفرآباد 18کلومیٹر سڑک کی تعمیر و ری کنڈیشننگ کی منظوری بھی دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کے وقت ان کے کناروں پر زمین کے استحکام کا اہتمام کیا جائے اور درخت لگائے جائیں تاکہ لینڈسلائیڈنگ کو روکا جا سکے۔ سڑکوں کی بہترین انداز میں ڈیزائننگ کی جائے اور محکمہ سیاحت کو بھی اس حوالہ سے آن بورڈ کیا جائے تاکہ نئی سڑکوں کی تعمیر سے سیاحتی مقامات تک رسائی آسان ہو اور سیاح ان سے استفادہ حاصل کر سکیں۔ سڑکوں کے منصوبہ جات کو جتنا ممکن ہو کم وقت میں مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر میں کوالٹی پر فوکس کیا جائے اور تعمیر کے بعد سڑکوں کی منٹیننس کا بھی خیال رکھا جائے۔ تمام مرکزی شاہراہوں پر وزن کی پیمائش کے لیے کانٹے نصب کیے جائیں تاکہ اوور لوڈد گاڑیاں سڑکوں کو خراب نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ جات کا تھرڈ پارٹی کے ذریعے جائزہ لیا جائے گا تاکہ معیار کو برقرار رکھا جا سکے اور منصوبہ جات تصریحات کے مطابق مکمل ہو سکیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس کو خوبصورت بنایا جائے تاکہ آزادکشمیر آنے والے سیاح اچھا تاثر لے سکیں اور ریاست کی خوبصورتی میں اضافہ ہو۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close