فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 7 روپے82 پیسے اضافے کی منظوری دے دی گئی

کراچی (پی این آئی) کراچی کے شہریوں پر ایک اور بجلی بم گرا دیا گیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیپرا کی جناب سے کے الیکٹرک صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 7 روپے82 پیسے اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ بجلی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہوگا۔ نیپرا کے مطابق چار سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کے ذریعے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

نیپرا فیصلے کے مطابق اکتوبر سے دسمبر 2021ء کی سہ ماہی کے تحت 6 روپے 49 پیسے جبکہ اپریل سے جون 2021ء کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 1 روپے 33 پیسے بجلی مہنگی کی گئی۔جولائی سے ستمبر 2021ء کی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 95 پیسے کمی کی گئی۔جنوری سے مارچ کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 47 پیسے سستی کی گئی۔کے الیکٹرک صارفین کے لیے مہنگی بجلی کا اطلاق وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہوگا۔یہاں واضح رہے کہ وفاقی حکومت اس سے قبل بھی ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی کے بنیادی یونٹ کی قیمت میں تقریباً 8 روپے کا اضافہ کر چکی ہے۔ 2 جون کو نیپرانے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی، بجلی کا بنیادی ٹیرف اس وقت 16روپے 91 پیسے فی یونٹ چارج کیا جارہا ہے، جبکہ اس ٹیرف میں مزید اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔نیا بنیادی ٹیرف تمام صارفین پر لاگو ہوجائے گا، اس وقت بجلی کا بنیادی ٹیرف 16روپے 91 پیسے ہے جو کہ اضافے کے بعد بڑھ کر24 روپے82 پیسے فی یونٹ ہوجائے گا۔ بجلی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا، پاورڈویژن اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ اس سے قبل یکم جولائی سے بجلی کی قیمت میں 8 روپے فی یونٹ تک مزید اضافے کا بھی امکان بتایا گیا تھا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ بنیادی ٹیرف کی مد میں کیا جائے گا ، فیول پرائسز، مہنگا ڈالر، گردشی قرضہ اور کمپنیوں کے نقصانات کے سبب بجلی مہنگی ہو گی ، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ یکمشت نہیں مرحلہ وار ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close