ضمنی انتخاب،والدہ کے ڈی سیٹ ہونے پر دو بھائی اوران کی بیویاں مدمقابل آگئیں

اسلام آباد (پی این آئی )مظفرگڑھ میں پنجاب اسمبلی کی 2 نشستوں پرویسے تو 27 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں لیکن پی پی 272 پر دو بھائیوں نے ایک دوسرے خلاف کاغذات نامزدگی جمع کرائے تو ان کی بیگمات بھی ان کے خلاف مدمقابل آگئیں۔ نجی ٹی و ی جیو کے مطابق مظفرگڑھ کے دو صوبائی حلقوں پی پی 272 اور پی پی 273 پر 17 جولائی کو ضمنی انتخابات ہورہے ہیں۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر طیب زوار بخاری کے مطابق پی پی 272 پر ایک ہی خاندان کے 4 افراد نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔2 سیاسی حریف بھائیوں پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی باسط سلطان بخاری اورہارون سلطان نے نہ صرف اپنے کاغذات جمع کرائے بلکہ انکی بیگمات کے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرائے گئے ہیں۔ دونوں بھائیوں کی والدہ زہرہ بتول گزشتہ الیکشن میں اپنے سگے بیٹے ہارون سلطان کوشکست دیکر تحریک انصاف کی ایم پی اے منتخب ہوئی تھیں۔پی پی 272 سے زہرہ بتول کو منحرف ہونے پر ڈی سیٹ کیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close