حکومت نے 30جون تک لوڈشیڈنگ میں کمی کی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بتدریج کمی کرتے ہوئے 30 جون تک دورانیہ دو گھنٹے تک لانے کا اعلان کیا ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ بڑھ گئی ، ملک کو غیر معمولی ہیٹ ویو کا سامنا ہے ، اس وقت بجلی کی طلب 28 ہزار 400 میگاواٹ ہے ، بجلی کی سپلائی اور طلب میں چار ہزار 600 میگاواٹ کا فرق ہے ،لوڈ شیڈنگ میں کمی کیلئے تجاویز سامنے آئی ہیں۔

 

6 سے 15 جون تک لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ تین گھنٹے کیا گیا ہے ، 16 سے 24 جون کے اندر ساہیوال کے کول پراجیکٹ کی بجلی شامل کر کے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مزید کم کر دیا جائے جبکہ 25 سے 29 جون میں کراچی کے کے ٹو پراجیکٹ سے بجلی کو سسٹم میں شامل کیا جائے گا، 30 جون کو بن قاسم سے 600 میگاواٹ بجلی کو سسٹم میں شامل کر کے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ کو دو گھنٹے تک لایا جائے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہفتے کی چھٹی ختم کر دی تھی مگر اب غیر معمولی حالات کے باعث ہفتے کی چھٹی بحال کر دی گئی ہے تا کہ ایک روز کے پٹرول کی بجت ہو سکے ، اس ایک دن کی چھٹی سے 386 ملین ڈالرز سالانہ کا فائدہ ہوگا جبکہ 77 ارب روپے کا براہ راست اثر امپورٹ بل پر ہوگا۔ ہفتے کے روز ورک فرام ہوم کی تجویز بھی آئی ہے ، کوویڈ کے دوران ورک فرام ہوم پر عملدرآمد کیا جا چکا ہے مگر جمعہ کے روز ورک فرام ہوم سے متعلق کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے ، فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ مارکیٹیں اور کاروباری مراکز جلد بند کرنے سے متعلق تجویز پر کل اجلاس ہوگا ، جس کے بعد کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔ مارکیٹیں بند کرنے سے متعلق تاجر نمائندوں کو اعتماد میں لے کر ہی کوئی فیصلہ ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں