بھارتی حکام کی جانب سے نبی پاکﷺ کی شان میں گستاخی، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی جانب سے شدید مذمت

اسلام آباد(پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے بھارتی حکام کی جانب سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں گستا خی کی شدید مزمت کرتے ہوئے اس فعل کو مسلمانوں کے خلاف نفرت کا اظہار قرار دیا ہے،وزیراعظم نے واضح کیا کہ امت مسلمہ کی آقا محمد ﷺ کے لئے محبت جزو ایمان ہے، آقا ﷺ کے لیے ہماری محبت دنیا کی ہر چیز پر مقدم ہے ہر مسلمان اپنے آقا کریم ﷺ کی محبت اور ان کی ناموس کے لئے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی حکام کی طرف سے رسول اقدسﷺ کی شان میں کی جانے گستاخی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا کا سنجیدگی سے نوٹس لے،بھارت کے اندر بڑھتا ہوا ہندتوا کا اسلام مخالف بیا نیہ خطے کو تیزی سے انتہا پسندی کی آگ میں جھونک رہا ہے،جس کے انتہائی خطر ناک نتائج سامنے آئیں گے۔سردار تنویر الیاس خان نے بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے عہدے داروں کی جانب سے حضورﷺ کے بارے میں توہین آمیز بیانات کو ایک سو چی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتہا پسند بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں اورعہدے داروں کے توہین آمیزاورمتنازعہ بیانات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں،یہ بیانات ہندوستان میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کا عکاس ہیں۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ توہین شان اقدس ﷺ کے جرم میں محض پارٹی عہدے داروں کومعطل کرنا اورنکال دینا کافی نہیں بھارت توہین کے مرتکب مجرموں کو قرار واقعی سزا دے،اور پوری امت مسلمہ سے معافی مانگے

۔سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ نفرت انگیزہندوتوا فلسفے کے تحت بھارت اپنی تمام اقلیتوں کی مذہبی سے آزادی پر قد غن لگا رہا ہے،کوئی اقلیت بھارت میں محفوظ نہیں ہے۔ وزیر اعظم آذاد کشمیرکا کہنا تھا کہ اس طرح کے اسلام مخالف بیانات کی بلا روک ٹوک اجازت دینا کھلے عام اشتعال کو دعوت دیننے کے مترادف ہے، ایسے بیانات مزید تعصب، تشدد اورنفرت کا سبب بنیں گے، عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور منظم مذہبی ظلم و ستم کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور اس کے روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close