آزادی مارچ میں ناکامی، عمران خان نے اہم ترین رہنما کو فارغ کر دیا، استعفیٰ لے لیا

لاہور (پی این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لانگ مارچ میں ناکامی پر شفقت محمود سے پارٹی عہدے سے استعفا لے لیا، شفقت محمود نے اپنا استعفا عمران خان کو بھجوا دیا ہے، شاہ محمود قریشی کو پی ٹی آئی صدر پنجاب بنائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان 25 مئی کو لانگ مارچ کی ناکامی پر پارٹی کی سینئر قیادت سے شدید ناراض ہیں۔

 

عمران خان نے شفقت محمود سے پی ٹی آئی پنجاب کے صدارت سے استعفا لے لیا ہے، بتایا گیا ہے کہ شفقت محمود لانگ مارچ میں بندے نہیں لاسکے جبکہ مرید کے سے ہی واپس چلے گئے۔جس پر عمران خان ان سے شدید ناراض ہوئے اور انہیں معطل کردیا تھا۔تاہم اب انہوں نے پارٹی چیئرمین کے کہنے پر پی ٹی آئی صدر پنجاب کے عہدے سے بھی استعفا عمران خان کو بھجوا دیا ہے۔اس سے قبل 30 مئی کی خبر کے مطابق صوبہ پنجاب سے پاکستان تحریک انصاف کے صدر شفقت محمود کو غیر فعال کردیا گیا۔ شفقت محمود کو لاہور میں لانگ مارچ کی مس مینجمنٹ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے غیر فعال کیا گیا اور پنجاب کی ذمہ داری پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے سپرد کردی گئی جس میں شفقت محمود ان کی معاونت کریں گے تاہم شفقت محمود طبیعت ناساز ہونے کے باعث ہسپتال میں داخل ہوگئے ہیں جہاں ڈاکٹروں نے انہیں 2 دن کے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

 

بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب میں پارٹی متحرک اور ضمنی الیکشن میں امیدواروں کے چناو کا ٹاسک شاہ محمود کو دیا گیا ہے اور شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی پنجاب کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اسی طرح تحریک انصاف نے ضمنی انتخاب میں تمام حلقوں میں امیدوار اتارنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close