پیٹرول اور ڈیزل کون لوگ استعمال کرتے ہیں؟ وزیر خزانہ نے انوکھی منطق پیش کر دی

لاہور (پی این آئی) وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ پٹرول، ڈیزل زیادہ تر امیر افراد استعمال کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف حکومت کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ملک میں مہنگائی کی صورتحال اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل زیادہ تر امیر افراد استعمال کرتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں عالمی سطح پر مہنگائی ہو رہی ہے، عمران خان نے کہا عالمی سطح پر مہنگائی ہوئی، اس پر دو رائے نہیں ہے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ گروتھ ریٹ کو مانتے ہیں، اس پر بحث میں نہیں پڑنا چاہتا۔ اس سے قبل انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ روس پر پابندیاں ہیں اس وجہ سے ان سے تیل نہیں خریدا جا سکتا، اگر ہم روس سے تیل خریدتے ہیں تو پابندیاں کی وجی انہیں ادائیگی کیسے کرتے، وہیں وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ روس سے گندم خریدنے کے لیے رابطے کیے ہیں۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ روس نے تیل اور گندم پر 30 فیصد رعایت کی کوئی پیشکش نہیں کی تھی، بجٹ میں سبسڈیز واپس لینے اور ٹیکس میں اضافے کا امکان ہے۔ گزشتہ حکومت نے تیل کے لیے روس سے رابطہ کیا تھا، پابندیاں عائد ہونے کے بعد روس نے کوئی جواب نہیں دیا، ہم نے گندم کے لیے یوکرین اور روس سے رابطہ کیا ہے۔

 

دونوں ملکوں میں سے جو بھی ہمیں گندم فراہم کرے گا ہم خرید لیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پابندیوں کے باعث روس سے تیل خریدنا انتہائی مشکل ہوگا، روس نے تیل اور گندم پر 30 فیصد رعایت کی کوئی پیشکش نہیں کی تھی، اگر روس ہمیں پیشکش کرے اور پاکستان پر کوئی پابندی نہ ہو تو ہم اس پر غور کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close