اسلام آباد (پی این آئی )لاہور ہائیکورٹ نے پانچ مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو دو جون کو فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پانچ مخصوص نشستوں پر اراکین اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کیوں پراسس نہیں کر رہے، پراسس کہاں رہا ہوا ہے؟ اگر کوئی پارٹی الیکشن کمیشن کے پاس پیش نہ بھی ہو تو الیکشن کمیشن فیصلہ کر دے۔ اس پر وکیل الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم پراسس کر رہے ہیں، تحریک انصاف کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی درخواست موصول ہوئی ہے جب کہ (ن) لیگ نے نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کے حوالے سے درخواست دائر کی،
دونوں پارٹیوں کو سننے کے لیے نوٹس جاری کیے گئے، اب یہ معاملہ سننے کے لیے فکس کردیا ہے۔تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن جان بوچھ کر معاملے کو لٹکا رہا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے دو جون کو فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں