آڈیو لیک میں عمران نیازی اپنے لیے این آر او کی بھیک مانگتا رہا، حمزہ شہباز نے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو میں دعویٰ کر دیا

لاہور(آئی این پی)وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام نے عمران نیازی کے انتشار مارچ کا دھڑن تختہ کردیا ہے۔لاہور میں حمزہ شہباز نے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق اور رکن پنجاب اسمبلی سلمان رفیق سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی سیاسی صورتحال اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آڈیو لیک میں عمران نیازی اپنے لیے این آر او کی بھیک مانگتا رہا، اس آڈیو لیک نے سازش کا پردہ چاک کردیا ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ عوام نے عمران نیازی کے انتشار مارچ کا دھڑن تختہ کردیا ہے، سابقہ پونے 4 سال میں عوام مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے۔ ہماری حکومت نے آٹے کی قیمت میں کمی کر کے صوبے کے عوام کی مشکلات کم کی ہیں،حمزہ شہباز نے کہا کہ عام آدمی کو 10 کلو آٹے کے تھیلے پر 160 روپے کا ریلیف دیا گیا، چینی اور گھی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔دوران ملاقات وفاقی وزیر ایاز صادق نے کہا کہ آپ نے آٹا سستا کر کے مہنگائی میں پسے عوام کو حقیقی ریلیف دیا ہے، آٹا سستا کرنے کا اقدام قابلِ تحسین ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں