چکسواری، رٹھوعہ ہریام برج کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا، منگلا ڈیم متاثرین کے مسائل بھی حل کریں گے، صدر آزاد کشمیر کا استقبالیے سے خطاب

چکسواری (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کہا ہے کہ ہم عوامی مسائل کے حل کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھیں گے چکسواری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ بالخصوص رٹھوعہ ہریام برج کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا اسی طرح منگلا ڈیم متاثرین کے مسائل بھی حل کریں گے۔

میں جلد یاسین ملک کی عمر قید کی سزا کے خلاف اور اُن کی رہائی کے لئے بین الاقوامی دورہ کروں گا تاکہ انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔ اگرچہ میں ریاست کا آئینی سربراہ ہوں میں اپنے بین لاقوامی دورے کے بعد برنالہ سے کیل تک عوامی رابطہ مہم کا آغاز کروں گا تاکہ میں لوگوں کے مسائل خود سن سکوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں چکسواری میں اپنے اعزازی مشیر چوہدری راسب پہلوان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گے استقبالیہ کے موقع پر جلسہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر استقبالیہ جلسہ سے میزبان اعزازی صدارتی مشیر چوہدری راسب پہلوان، وزیر مال چوہدری اخلاق احمد، عارف چوہدری ایڈووکیٹ، ابرار نیاز ایڈووکیٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل جب صدر ریاست جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جلسہ گاہ پہنچے تو اُن کا شاندار استقبال کیا گیا، پھولوں کے ہار پہنائے گے، اُن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ڈھول کی تھاپ پر گھوڑوں کا رقص پیش کیا گیا اور اُن کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں آزادکشمیر کا بچہ بچہ اُن کی جدوجہد میں اُن کے ساتھ ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے شہداء کا خون رنگ لائے گا اور انشاء اللہ مقبوضہ کشمیر جلد بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے جب صدر کے عہدے کا حلف اُٹھایا تھا تو میں نے اعلان کیا تھا کہ میں کسی ریاست یا صوبے کا صدر نہیں بلکہ میں آزادی کے بیس کیمپ کا صدر ہوں اور ہم یہاں سے مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں بین الاقوامی سطح پر اُٹھائیں گے۔ اس سلسلے میں، میں نے امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے دورے کیے۔ اسی طرح میں نے جدہ میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی دعوت پر او آئی سی کے ہیڈ کوارٹر جدہ کا دورہ کیا اور وہاں پر او آئی سی کے ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کر کے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے او آئی سی کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا۔ بھارت نے5 اگست 2019کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد اب ایسے اقدامات اُٹھانے شروع کر دیئے ہیں جس سے وہ مسئلہ کشمیر ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔اسی طرح حال ہی میں بھارت نے حریت رہنماء یاسین ملک کو جھوٹے مقدمات میں عمر قید کی سزا دلوائی ہے جبکہ وہ مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب بھی تبدیل کر رہا ہے اور اسی طرح بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حلقہ بندیاں بھی تبدیل کی ہیں جس کے تحت وہ مقبوضہ کشمیر میں ایک ہندو وزیر اعلیٰ کو لانے کی راہ ہموار کررہا ہے۔ میں جلد ہی یاسین ملک کو جھوٹے مقدمات میں بھارتی عدالت کی طرف سے عمر قید کی سزا کے خلاف اور یاسین ملک کی رہائی کے لئے انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مبذول کرانے کے لئے بین الاقوامی دورے پر جا رہا ہوں۔ میں ریاست کا آئینی سربراہ ہوں اور میں اپنے بیروں ملک دورے سے واپسی پر برنالہ سے کیل تک عوامی رابطہ مہم کا آغاز کروں گا۔ ہماری حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ چکسواری کے مسائل ترجیحی بنیادو ں پر حل کیے جائیں گے اسی طرح رٹھوعہ ہریام برج، متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل سمیت دیگر مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں گے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں