حکومت کیلئے نئی مشکل کھڑی ہو گئی ، عمران خان نے بڑا اعلان کر دیا

پشاور (پی این آئی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ روکے جانے پر حکومت کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ کرپٹ حکومت کیخلاف ضرور نکلیں گے،جان قربان کر دوں گا لیکن حکومت کو تسلیم نہیں کروں گا، مطالبات پورے نہ ہوئے تو 6 دن مکمل ہونے پر احتجاج کی تاریخ دوں گا، پہلے حکومت الیکشن کی تاریخ دے پھر بات آگے بڑھے گی،

سپریم کورٹ میں پیر کو پٹیشن لیکرجائیں گے،سپریم کورٹ ہمیں بتا دے کیا پر امن احتجاج جمہوری پارٹی کا حق ہے یا نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، احتجاج اس لیے کیا کہ ہم امپورٹڈ حکومت کونہیں مانیں گے، 26سال ہمارا ٹریک ریکارڈ ہے کبھی پرتشدد مظاہرے نہیں کیے، ہماری واحد جماعت جس کا کوئی عسکری ونگ نہیں،

باہرکی سازش ثابت ہوگئی ہے، قومی سلامتی کمیٹی میں بھی سازش ثابت ہوگئی۔ پاکستان کے منتخب وزیراعظم کوسازش کے ذریعے ہٹایا گیا، 6 ہفتے میں سازش کا پتا چل گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 30 روپے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے، انہوں نے آئی ایم ایف کے دباؤ میں پٹرول کی قیمتیں بڑھائیں، ہماری حکومت روس سے 30 فیصد سستا تیل لینے کا معاہدہ کر رہی تھی، بھارت بھی روس سے سستا تیل لے رہا ہے۔ انہوں نے اپنے آقاؤں کے خوف کی وجہ سے روس سے سستا تیل نہیں لیا، بھارت آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے امریکا کا سٹرٹیجک ہونے کے باوجود ماسکو سے سستا تیل لے رہا ہے،

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close