یاسین ملک کو دی جانے والی عمر قید کی سزا انصاف کا قتل عام ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیرسردار تنویر الیاس کی طرف سے شدید مذمت

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ قید وبند کی صعوبتیں اور بھارتی کٹھ پتلی عدالتوں کی سزائیں آزادی کی منزل دور نہیں کرسکتیں۔ عظیم حریت رہنماء یاسین ملک کو عمر قید کی سزا بھارت کے جعلی عدالتی نظام کا مبین ثبوت ہے،یاسین ملک کو دی جانے والی عمر قید کی سزا انصاف کا قتل عام ہے،بطل حریت یاسین ملک کی سزا سے تحریک آزادی دبے گی نہیں بلکہ اس میں ایک نیا ولولہ پیدا ہو گا۔

مودی کا فاشزم کشمیریوں کو ان کے حق آزادی سے نہیں روک سکتا۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اب دنیا کے سامنے آشکار ہورہی ہیں اور بھارت کا جمہوری لبادہ بھی بے نقاب ہوچکا ہے۔دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اس وقت انسانی حقوق کے حوالے سے ساری دنیا کے سامنے ننگی ہوچکی ہے۔یاسین ملک کو دی جانے والی سزا تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور بھارتی حکمرانوں کے لیے اعتراف شکست کے مترادف ہے۔قربانیوں کا یہ سفر آزادی کی منزل کے حصول تک جاری رہے گا۔کشمیر کا ہر گھر یاسین ملک کی سوچ وفکر اور نظریات کے ساتھ گونج رہا ہے،دنیا بھر میں مقیم کشمیری یاسین ملک کی آواز بن چکے ہیں۔حریت راہنما کی بھارتی عدالت سے سزا پر اپنے رد عمل میں وزیراعظم آزادکشمیر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ یاسین ملک تاریخ میں امر ہوچکے ہیں،انہیں کوئی بھارتی عدالت اور کٹھ پتلی انتظامیہ منزل سے دور نہیں کرسکتی،آزادی کی خوشبو عدالتی سزاؤں اور خاردار تاروں سے نہیں روکی جاسکتی۔اگر آزادی پسندوں کا راستہ عدالتی سزاؤں کے ذریعے روکا جاسکتا تو آج ہندوستان میں انگریز حکمران ہوتے۔انگریزوں کیخلاف ہندوستان کے اندر جدوجہد کرنے والے حریت پسندوں نے بلاتخصیص رنگ،نسل،مذہب قربانیاں دیں۔نہرو خاندان کی انگریز کیخلاف جدوجہد اور قائد اعظم محمد علی جناح کی زیر قیادت مسلمانوں کی قربانیاں انگریز سے آزادی کا باعث بنیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close