آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یاسین ملک کی بھارتی عدالت میں پیشی کے موقع پر بھرپور احتجاج کریں گے

مظفرآباد (پی آئی ڈی) ترجمان وزیرا عظم آزادجموں وکشمیر ڈاکٹر عرفان اشرف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی اپیل پر یاسین ملک پر بوگس مقدمات کی بنیاد پر سزا کے خلاف کل ریاست کے دونوں اطراف شٹر ڈاؤن ہڑتال، احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ یاسین ملک پر جعلی مقدمات کے معاملے پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بھرپور آواز اٹھائی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے متعدد پریس کانفرنسز کے ذریعے یاسین ملک پر بننے والے جعلی مقدمات کو بے نقاب کیا۔

اووسیز کشمیری/ پاکستانی کمیونٹی کل وزیر اعظم آزاد کشمیر کی کال پر دنیا بھر میں احتجاج کرے گی۔ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کے ناپاک عزائم کو روکنے کے لئے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس متحرک ہیں۔ یاسین ملک سمیت تمام حریت قیادت کشمیریوں کے ماتھے کا جھومر ہیں۔گرفتاریاں، سزائیں، جبری گمشدگیاں، جعلی مقدمات کشمیری قوم کو تحریک آزادی سے باز نہیں رکھ سکتے۔ کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ 25 مئی 2022 کشمیریوں کی تاریخ میں ایک سیاہ دن ہو گا جب بھارتی عدالتیں جعلی مقدمات کی بنیاد پر کشمیری قوم کے اہم رہنما کو یک طرفہ سزا سنا رہے ہیں۔اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ یاسین ملک کو سزا سنانے کے بعد بھارت مقبوضہ کشمیر میں پرامن جدوجہد کے دروازے بند کر رہا ہے۔ بھارت خطے کو بدامنی کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں