موٹروے اور جی ٹی روڈ بند کرنے کا فیصلہ، حکومت نے آزادی مارچ سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کرلی

اسلام آباد (پی این آئی) تحریک انصاف کا لانگ مارچ روکنے کی تیاریاں، موٹروے اور جی ٹی روڈ کو بند کرنے کا فیصلہ، رات گئے تک وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون کو سیل کر دیا جائے گا، اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے بھی سیل کیے جائیں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی کرلی ہے، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پولیس حکام کی مشاور ت کے ساتھ تجاویز مرتب کرکے وزارت داخلہ کو بھجوا دی ہیں۔

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے وزارت داخلہ سے سفارش کی گئی ہے کہ 22 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے، سیکیورٹی نفری دیگر صوبوں سے بھی طلب کی گئی ہے، لانگ مارچ کو کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب پولیس کے 8 ہزار اہلکار اور 2 ہزار اینٹی رائٹ اہلکار اور500 خواتین اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے۔اسی طرح ضلعی انتظامیہ نے 2 ہزار سے زائد فرنٹیئرکانسٹیبلری اہلکار اور سندھ سے 2 ہزار پولیس اہلکار طلب کیے گئے ہیں،شرکاء احتجاج سے نمٹنے کیلئے 4 ہزار رینجرز اہلکار بھی طلب کرلیے گئے ہیں۔

تمام صوبوں کی نفری مکمل کمانڈ سسٹم کے تحت طلب کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مختلف صوبوں سے 100 قیدی وین منگوائی گئی ہیں، مظاہرے کو منتشر کرنے کیلئے 15ہزار آنسو گیس کے شیل بھی منگوائے گئے ہیں۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی لانگ مارچ کے دوران راستوں کی بندش اور ممکنہ گرفتاریوں کیخلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے،پی ٹی آئی کی درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کل سماعت کریں گے۔پی ٹی آئی نے ممکنہ گرفتاریوں اور راستوں کی بندش کیخلاف درخواست دائر کی۔اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کو گرفتاریوں اور راستوں کی بندش سے روکے،درخواست میں چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close