انتہائی افسوسناک حادثہ ،مری گلیات روڈ پر کوسٹر کھائی میں گرنے سے 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی

اسلام آباد(پی این آئی)گلیات روڈ پر خیرہ گلی کے مقام پر کوسٹر کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق مری کے گلیات روڈ پر خیرہ گلی کے مقام پر دو بسیں آپس میں ٹکرانے کے بعد ایک کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہل علاقہ کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردیں،

جب کہ کچھ دیر کے بعد ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں بھی پہنچ گئیں۔ ترجمان ریسکیو نے بتایا کہ حادثے میں ایک کوسٹر کھائی میں گرگئی جس کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ریسکیو 1122 مری اور کے پی کے اہلکار امدادی آپریشن میں مصروف ہیں، اور ابھی تک حادثے میں زخمی ہونے والے 12 افراد کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال مری منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ 8 افراد کی لاشیں بھی نکالی جاچکی ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مری ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے، جب کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر مری کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، حادثے میں زخمی ہونے والے ایک عینی شاہد نے واقعے کے حوالے بتایا کہ دونوں بس ڈرائیوروں کی جانب سے ریس لگائی جار ہی تھی اور تیز رفتاری کے باعث دونوں بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close