آزاد خطہ میں سرمایہ کاری کو فروغ دیکر ریاستی آمدن میں اضافہ کرینگے، آزاد کشمیر بورڈ آف انوسٹمنٹ کی بریفنگ کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر کی گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے۔ آزاد خطہ میں سرمایہ کاری کو فروغ دیکر ریاستی آمدن میں اضافہ کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں کشمیر بورڈ آف انوسٹمنٹ کی شعبہ جاتی بریفنگ کے دوران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ اس میں پیشہ وارانہ مہارت کے حامل افراد کو سامنے لایا جائے گاتاکہ وہ ادارے کی تنظیم نو سمیت اپنے تجربہ اور تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے آزادکشمیر میں سرمایہ کاری لاسکیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں زراعت، ہائیڈل، ڈویلپمنٹ اور سیاحت کے شعبہ میں سرکایہ کاری کا وسیع پوٹینشل موجود ہے جس سے فائدہ اٹھا کر ریاست کی آمدن میں اضافہ اور مقامی سطح پر روزگار فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ بیرون ملک آباد کشمیری تارکین وطن کو آزاد خطہ میں سرمایہ کاری پر آمادہ کیا جائے، سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔

اس سلسلہ میں بیرون ممالک میں روڈ شو، نمائشیں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائیگا۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے آزاد جموں کشمیر بورڈ آف انویسٹمنٹ کی تنظیم نو کی بھی ہدایت کی۔آمدہ بجٹ میں خصوصی بجٹ مختص کریں گے تاکہ یہ ادارہ منظم ہو کر سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ اس موقع آزاد جموں کشمیر بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین سردار امجد جلیل نے اپنے ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے اہداف کے حوالے سے بریفنگ وزیراعظم کو بریفنگ دی۔اجلاس میں وزیراعظم کے پرنسل سیکرٹری احسان کیانی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں