وہ مشہور ویب سائٹس جن پر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پابندی لگا دی گئی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک میں اوکٹا ایف ایکس اور ایزی فاریکس جیسی ’فاریکس ٹریڈنگ ویب سائٹس‘ کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی عائد کر دی۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق مرکزی بینک کی طرف سے شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ یہ ویب سائٹس سٹیٹ بینک اور سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے ریگولیٹڈ نہیں ہیں۔رپورٹ کے مطابق تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور دیگر ویب سائٹس پر ان ڈیجیٹل فاریکس ٹریڈنگ پلیٹ فارمز کے اشتہارات کی بھرمار ہو رہی ہے۔

ان ٹریڈنگ ویب سائٹس نے اپنی تشہیر کے لیے بہت سے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی خدمات بھی حاصل کر رکھی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان کے پلیٹ فارمز استعمال کریں۔ یہ پلیٹ فارمز ویب سائٹ اور سمارٹ فون ایپلی کیشنز دونوں صورتوں میں کام کر رہے ہیں۔ مرکزی بینک کی طرف سے کہا گیا ہے کہ یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سوشل میڈیا اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو اپنی سروسز کی طرف راغب کرتے ہیں۔ یہ فارن ایکسچینج ٹریڈنگ، مارجن ٹریڈنگ، کانٹیکٹ آف ڈیفرینسز وغیرہ جیسی سروسز مہیا کرتے ہیں۔ تاہم پاکستان میں مقیم کسی بھی شخص کا ان پلیٹ فارمز کی سروسز حاصل کرنا ممنوع اور ملکی قوانین کی خلاف ورزی ہے، جس کے مرتکب افراد کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947ءکے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close