اتحادی حکومت کا بھی بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات شیئر کرنے سے انکار

اسلام آباد (پی این آئی)مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جے یو آئی ف اور دیگر سیاسی جماعتوں پر مشتمل اتحادی حکومت کو بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات سامنے نہ آ سکیں۔نجی ٹی وی جیو نیوز کو موصول تفصیلات کے مطابق ایک درخواست گزار کی جانب سے کابینہ ڈویژن کو قیام پاکستان سے لیکر اب تک سربراہان مملکت و حکومت کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات کے لیے درخواست دی لیکن کابینہ ڈویژن نے تفصیلات کو کلاسیفائڈ قرار دیتے ہوئے تحائف کے بارے میں

بتانے سے انکار کر دیا۔حال ہی میں وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ میں شامل اتحادیوں کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا لیکن اس دورے کے موقع پر کس کو کیا تحائف ملے تھے ان کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔متضاد اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستانی وفد کو اہم تحائف پیش کیے گئے تاہم حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کی معلومات شیئر نہیں کی گئیں۔ذرائع کابینہ ڈویژن کا بتانا ہے کہ

وفاقی حکومت توشہ خانہ کے حوالے نئی پالیسی متعارف کرانے جا رہی ہے جو ایک ماہ میں سامنے آ جائے گی جس کے تحت سب کچھ ظاہر کر دیا جائے گا۔حکومتی ذرائع کے مطابق توشہ خانہ کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر بہترین تصور کی جانے والی پالیسی بنائی جائے گی۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی گزشتہ حکومت نے بھی وزیراعظم عمران خان کو بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات شیئر کرنے سے انکار کر دیا تھا جس پر موجودہ حکومت (جو اس وقت اپوزیشن میں تھی) نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close