شہباز شریف کی وفاق میں اور حمزہ شہباز کی پنجاب میں حکومتیں ختم، سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد بڑا دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں شہباز شریف کی وفاق میں اور حمزہ شہباز کی پنجاب میں حکومتیں ختم ہوچکی ہیں۔

 

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عدالتِ عظمیٰ نے آج پی ٹی آئی کے موقف کو تسلیم کیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز اپنی اکثریت کھوچکے ہیں ، دونوں حکومتیں عملی طور پر ختم ہوچکی ہیں۔ شہباز شریف کے پاس 172 ووٹ ہیں جن میں سے تین لوگ پہلے ہی علیحدہ ہوچکے ہیں، ان کے پاس اس وقت 169 ارکان ہیں، حمزہ شہباز کے پاس 171 ارکان ہیں جب کہ پنجاب میں 186 رکن چاہئیں۔ اب صدرِ مملکت شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا کہیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز اپنے عہدے فوری طور پر چھوڑ دیں، اسمبلیوں کو توڑ دیا جائے اور نئے انتخابات کی طرف بڑھا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں