آزاد کشمیر، ٹورسٹ پولیس کو ایمرجنسی پولیس کا درجہ دینے کا فیصلہ، ٹورازم اتھارٹی کو قلیل اور طویل مدت کے منصوبے شروع کرنے کا حکم

مظفرآباد (پی این آئی) آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے عزم کے ساتھ اہم اقدامات اٹھانےاور ٹورازم پولیس کو ایمرجنسی پولیس کا درجہ کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے آزاد کشمیر میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی کے لیے ٹورازم اتھارٹی کو فعال بنانے سمیت قلیل اور طویل المدتی منصوبے شروع کرنے ی ہدایت کی ہے ۔

وزیراعظم نے سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے ہر ممکن سہولتیں دینے کی ہدایت بھی کی ۔ کشمیر ہاوس اسلام آباد سیکرٹری سیاحت منصور قادر ڈار نے محکمانہ بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کے ویژن کے مطابق اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر وزیر سیاحت سردار فہیم اختر ربانی اور پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے محکمہ سیاحت کے ذمہ داران کو ہدایات دیں کہ سیاحوں کی دلچسپی کے لیے اچھی رہائش، آرگینک فوڈز، ایڈونچر ٹورازم، واٹر سپورٹس، سفاری پارکس، ہارس رائیڈنگ کلب، ہائیکنگ ٹریک، میوزیم، مذہب کے حوالے سے نایاب کتب پر مشتمل تاریخی لائبریری اور ڈیجیٹل آرکائیو بنائی جائے جہاں کشمیر کی تاریخ کا مکمل پس منظر موجود ہو۔

سیاحتی مقامات پر فوری سہولیات کے لیے ٹینٹ ویلجز اور کنٹینر واش رومز بنائے جائیں۔ ٹوریسٹ انٹری پوائنٹس پر گیٹ بنائے جائیں اور تمام انٹری پوائنٹس سے آگے ٹول پلازے قائم کیے جائیں۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس نےکہا کہ آزادکشمیر کے تمام سیاحتی علاقوں میں معززین علاقہ کی سرپرستی میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جنہیں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز مانیٹر کریں۔ کمیٹیاں سیاحوں کو اپنے علاقہ میں ویلکم کریں اور سیاحوں کو مکمل گائیڈ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بھرپور معاونت فراہم کریں تاکہ ہماری مہمان نوازی کی روایت مستحکم ہو۔ باہر سے آنے والے سیاحوں کو یہاں کی روایات اور کلچر سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم چلانے کی اشد ضرورت ہے۔ ٹوریسٹ پولیس کو ایمرجنسی پولیس کا درجہ دے کر مزید مستحکم کیا جائے

تاکہ یہ پولیس سیاحت کے فروغ میں اپنا بہترین کردار ادا کر سکے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مظفرآباد شہر کے ارد گرد دریاؤں پر واٹر سپورٹس شروع کی جائے اور دارالحکومت سمیت دیگر شہروں میں فوڈ سٹریٹس قائم کی جائیں تاکہ سیاح ان مقامات پر زیادہ سے زیادہ وقت گزار سکیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ وہ عالمی شہرت یافتہ آرکیٹیکٹ ٹونی عشائی کے ہمراہ بنجوسہ، گنگا چوٹی اور دیگر سیاحتی مقامات کا وزٹ کر چکے ہیں اور اس پر مزید کام کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے عید الفطر کے موقع پر آزاد کشمیر آنے والے سیاحوں کو مشکلات کے حوالے سے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان مسائل کو فی الفور حل کرنے کی بھی ہدایت کی جس پر وزیر سیاحت نے وزیراعظم 10 روز میں سیاحت کا مربوط پلان مرتب کر کے پیش کرنے کی یقین دہانی کروائی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں