بارشیں ہی بارشیں، گرمی سے ستائے پاکستانیوں کو محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنادی

اسلام آباد(پی این آئی) طویل خشک سالی اور گرمی کے ستائے پاکستانیوں کو محکمہ موسمیات کی طرف سے خوشخبری سنا دی گئی ہے کہ آئندہ ہفتے سے ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کا ایک سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق محکمہ موسمیات کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ دو دن بعد اتوار کے روز سے ملک میں ایک نیا موسمیاتی نظام داخل ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں 16سے 18مئی تک تیز بارشیں ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں تیزبارش ہو گی۔ بارشوں کے بعد ان علاقوں میں درجہ حرارت میں بھی خاطر خواہ کمی دیکھی جائے گی۔ تیز بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کے خطرے کے پیش نظر محکمے کی طرف سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ایک اور رپورٹ میں محکمہ موسمیات کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ آج سے سندھ میں ایک شدید ہیٹ ویو آئے گی جو 17مئی تک جاری رہے گی۔ اس ہیٹ ویوکی وجہ سے سندھ کے بیشتر اضلاع میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا۔ بالائی سندھ میں درجہ حرارت 46سے 48ڈگری سینٹی گریڈ، وسطی سندھ میں 43سے 45ڈگری سینٹی گری اور زیریں سندھ کے اضلاع میں 38سے 40ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close